اللہ کا شکر ہے ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا،سعد رفیق


لاہور(صباح نیوز)وزیرریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا، ہر وقت فوج کو گھسیٹ کر سیاست میں لے آنا اچھی بات نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جنہوں نے اسے زمین سے اٹھا کر جھوٹا مہاتما بنایا اس نے ان کے ساتھ احسان فراموشی کی، ہم پر بہت ہی بھونڈے انداز میں مقدمات بنائے گئے تھے، صاف ظاہر تھا سیاسی مخالفت کے باعث مقدمات بنائے گئے تھے، اب حالات مختلف ہیں، عمران خان کے ساتھ کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں بنانا اور توڑنا کھیل ہے کیا، انتخابات کرانے کے لئے پیسے چاہئیں، اس لیے جہاں آپ کی حکومتیں ہیں وہاں کام کریں۔

وزیر ہوا بازی نے کہا کہ ہماری 2013 اور 2018 کی کارکردگی کا اس کے چار سال سے موازنہ کریں، ادارے تباہ کر دیئے گئے، حکومت کے پاس کوئی پیسا نہیں، ان 8 ماہ میں تو ہم آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں، اللہ کا شکر ہے ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ ہر وقت فوج کو گھسیٹ کر سیاست میں لے آنا اچھی بات نہیں، میرے خیال میں نیب ختم کرکے احتساب کا ایک نیا ادارہ بنانا چاہیے ، موجودہ چیئرمین نیب ایماندار آدمی ہیں۔