وزیراعظم سے قازقستان پارلیمنٹ کے چیئرمین کی قیادت میں وفد کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے تعلقات تاریخ، مذہب اور ثقافت میں گہرے جڑے ہوئے ہیں،پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں بالخصوص قازقستان کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قازقستان پارلیمنٹ  کے چیئرمین یرلان کوشانوف کی قیادت میں 9 رکنی پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور قازقستان کے تعلقات کی خصوصی نوعیت پر روشنی ڈالی جو تاریخ، مذہب اور ثقافت میں گہرے جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں بالخصوص قازقستان کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکالیف کے ساتھ آستانہ میں سیکا سربراہی اجلاس اور سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنی ملاقاتوں کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں فریقین نے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے نتیجہ خیز بات چیت کی۔ انہوں نے توانائی، ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ ٹریڈ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو قائم کرنے اور مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ قازقستان کے صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان جلد ہی وسطی ایشیائی ریاستوں کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا جس میں علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے سڑک اور ریل رابطوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ یرلان کوشانوف نے وزیر اعظم کو بین الپارلیمانی دوستی گروپ کے اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا جو قازقستان کے پارلیمانی وفد کے جاری دورے کے دوران منعقد ہوا۔

انہوں نے پارلیمانی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان عوام کے درمیان تبادلوں کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان پاکستان کی بڑی مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت اور رابطوں، دواسازی کی صنعت اور سرجیکل اور کھیلوں کے سامان میں تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ دوطرفہ تجارت صرف 95 ملین ڈالر ہے جو دونوں ممالک کے درمیان وسیع تجارتی امکانات کے مطابق نہیں ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کو قلیل مدت میں آسانی سے دگنا کیا جا سکتا ہے۔قازقستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے قازقستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے چیئرمین نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لئے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے رابطہ سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔