راولپنڈی(صباح نیوز)وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بغض اور حسد میں مبتلا شخص نے وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف ڈیوڈ روز سے خبر لگوائی جو جھوٹی نکلنے پر ڈیلی میل نے 22 کروڑ عوام سے معافی مانگ لی،نواز شریف نے ملک کو ایٹم بم دیا، عمران خان سوتر بم ہی دکھا دو۔
ڈیلی میل کی جانب سے شہباز شریف سے معافی مانگنے کی خوشی میں مسلم لیگ ن راولپنڈی کے زیر اہتمام مقامی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے دہشت گردی ختم کی، اپنے چالیس سال کے احتساب کا جواب دیا ، نالائق توشہ خانہ چور الزام نواز شہباز پر لگاتا ہے، رانا ثنا اللہ بھی سرخرو ہوئے، تمہارے پاس پنکی اور فرح گوگی تھی، چوری نہیں کی تو جواب دو۔
انہوں نے عمران خان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ عمران خان چار سال کے بعد کہتا ہے کہ میرے پاس طاقت نہیں تھی، چوری نہیں کی تو جواب دو، سوال کریں تو سانس بند ہوجاتی ہے، وہیل چئیر پر آجاتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کارکنان کا ایک جگہ جمع ہونا ثبوت ہے کہ کون آرہا ہے؟ نواز شریف نے ایٹم بم دیا عمران خان سوتر بم ہی دکھا دو، یہ توشہ خانہ چور اس وقت بھی امپائر کی انگلی کا انتظار کر رہا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے شیروں پر جھوٹے کیسز بنانے والے سے سوال پوچھا جائے تو اس کی سانس بند ہوجاتی ہے۔ عمران خان نے توشہ خانہ سے گھڑیاں اور ہیرے چوری کیے۔ خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی تک بیچ ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران اب کہتا ہے میرے پاس اختیار نہیں تھا، تمہارے پاس صرف فرح گوگی اور پنکی پیرنی ہی تھیں، عمران خان بند کمرے میں آرمی چیف کو توسیع کی آفرکرتا رہا۔