سلیمان شہباز کو منصوبہ بندی کے تحت باہر چھپایا گیا، فرخ حبیب


فیصل آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنمافرخ حبیب نے کہا ہے کہ  سلیمان شہباز کو منصوبہ بندی کے تحت باہر چھپایا گیا، ملکی معیشت ڈیفالٹ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پر ایف آئی اے میں 16 ارب کا کیس تھا، سلیمان شہباز اپنی ہی حکومت میں ملک سے فرار ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو جب بھی عدالت میں بلایا جاتا تھا وہ کہتے تھے سلیمان شہباز سب معاملات دیکھتے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ سلیمان شہباز کو منصوبہ بندی کے تحت باہر چھپایا گیا، سلیمان شہباز کو عدالتیں 3 سے 4 سال تک بلاتی رہیں، این آر او ٹو کے تحت ان کے کیسز ختم ہو گئے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کی وارداتوں کا حساب اسحاق ڈار رکھتے تھے، ان لوگوں نے پاکستان کے اندر آئین اور قانون کا مذاق بنایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقصود چپڑ اسی شریف خاندان کا شریک ملزم تھا، ان کے اکائونٹ میں 4 ارب روپے منتقل کئے گئے، مقصود چپڑاسی کی لاش دبئی میں بند کمرے سے ملی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ تفتیش کرنے والے ڈاکٹر رضوان کی بھی موت ہوئی، ڈاکٹر رضوان کو عہدے سے ہٹا کر اتنا دباؤ ڈالا کہ اسے ہارٹ اٹیک ہو گیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہیں۔ ارشد شریف پر مقدمات درج کر کے باہر جانے پر مجبور کیا گیا۔