چوہدری سالک کی نوازشریف سے ملاقات، ق لیگ کے 6 ارکان رابطے میں ہونے کا دعویٰ

لندن(صباح نیوز)مسلم لیگ ق کے ایم این اے اور چوہدری شجاعت کے بیٹے سالک حسین نے دعوی کیا ہے کہ ق لیگ کے 6 اراکین پنجاب اسمبلی رابطے میں اور کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے ملاقات کی اور چوہدری شجاعت کا اہم پیغام پہنچایا، جب کہ پنجاب کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو والد صاحب کا سلام پہنچایا اور خیریت پوچھی، جب کہ کچھ پرانی باتیں بھی ہوئیں۔ نوازشریف سے درخواست کی ہے کہ وہ وطن واپس آئیں، ان سے کہا ہے کہ خواہش ہے کہ ہماری اگلی ملاقات پاکستان میں ہو۔وفاقی وزیر سالک حسین کا کہنا تھا کہ ہر کسی کو پتہ ہے کہ کیا معاملات چل رہے ہیں، یہی لگتا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کا کسی کا ارادہ نہیں، نیت صاف نہ ہو تو اس کے اثرات ہوتے ہیں، سیٹ اپ تبدیل ہو نہ ہو، لوگوں کی نیت تبدیل ہورہی ہے، ق لیگ کے 6 ارکان پنجاب اسمبلی رابطے میں ہیں، اور وہ اراکین کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیار ہیں۔سالک حسین کا کہنا تھا کہ مونس الہی نے حکومت میں جانے سے پہلے چوہدری شجاعت کو اعتماد میں نہیں لیا تھا، مونس الہی جب چاہیں رابطہ کرسکتے ہیں، مجھے تو کوئی مسئلہ نہیں۔رہنما ق لیگ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف محنتی اورکام کو سمجھتے ہیں، جب کہ اسحاق ڈار بولڈ اور مشکل فیصلے لینے کیلئے بہترین آدمی ہیں، پی ٹی آئی کے دور میں حالات بہت خراب تھے، ان کے ایم این ایز فروری میں کہتے تھے کہ اگر الیکشن میں گئے تو مستقبل نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کے پاس 2024 تک پارٹی صدرکا مینڈیٹ ہے، چوہدری شجاعت کا دل بڑا ہے، الزامات لگانے والوں کا فون سنتے ہیں، کچھ لوگوں نے گھٹیا حرکت کی انہیں شرم آنی چاہئے، میں الیکشن کے قریب فیصلہ کروں گا کہ مجھے کس حلقے سے لڑنا ہے۔۔