اسلام آباد (صباح نیوز)آٹھ بجلی کمپنیوں کو نئے لائسنسز دینے یا تجدید کرنے کے حوالے سے نیپرا میں کی گئی سماعت مکمل ہوگئی ۔ دورانِ سماعت ڈسکوزکے نمائندے نے کہا کہ ڈسکوز کے بجلی کی تقسیم کے لائسنسز ختم ہوچکے ہیں لہذا ہم نے ا پنے لائسنسزکے تجدید کی درخواست کی ہے۔جس پرنیپرا کے چیئرمین کا موقف تھا کہ بجلی کی کمپنیوں کو بعض مخصوص سہولیات حاصل ہوتی ہیں اور ان مراعات کا بہت غلط استعمال ہوا ہے،
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ بجلی کمپنیاں ہمیں یہ بات لکھ کردیں کہ کمپنیاں لائسنس کی تجدید کے بعد وہ مخصوص سہولیات کلیم نہیں کر سکے گی؟۔اس پر ڈسکوز نمائندہ نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ لائسنس کو موجودہ شکل میں ہی توسیع دے دی جائے اور اس حوالے سے نیپرا کہہ دے کہ ان شرائط پر ڈسکوز کے لائسنسز کی تجدید کررہے ہیں۔
چیئرمین نیپرا نے اس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ ایک بیان حلفی دے دیں کہ بجلی کمپنیاں سہولیات نہیں لیں گی، ایک آپشن یہ بھی ہے کہ کمپنی کا لائسنس ختم ہو اور وہ نئے لائسنس کے لئے اپلائی کریں۔ نیپرا اتھارٹی نے کہا کہ بجلی کمپنیوں کے زیر انتظام علاقوں میں ابھی تک کوئی نئی کمپنی نہیں آئی ہے، کمپنیوں کی کارکردگی سے سب بہت نالاں ہیں ، کمپنیاں اس وقت تک ٹھیک نہیں ہوں گی جب تک کوئی تھریٹ نہیں ہوگا ،
نیپرا نے کہا کہ اگر کمپنیاں بجلی دے رہی ہوتیں تو سی ٹی بی سی ایم کیوں لاتے نیپرا نے ڈسکوز سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا بجلی کمپنیاں یہ یقین دہانی کراسکتی ہیں کہ مستقبل میں کوئی مخصوص مراعات نہیں لیں گی ۔جس پر ڈسکوز کے نمائندہ کا کہنا تھا کہ تحریری طور یقین دہانی کرانا ممکن نہیں ہوگا ۔