عمران اورجنرل(ر) باجوہ کی غلطیوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا،حافظ حمد اللہ


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ عمران کو حکومت میں لانا باجوہ کی غلطی تھی اور جنرل باجوہ کو ایکسٹنشن دینا عمران کی غلطی تھی۔دونوں کی غلطیوں نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا مگر ان ناکردہ غلطیوں کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔جس نے عمران خان کو گود لیا پالا پوسا ان کے سیاسی غبارے میں ہوا بھری ،اقتدار پر مسلط کیا چار سال چلاتا رہا یہی سب سے بڑی غلطی تھی۔

ان خیالات کااظہار حافظ حمد اللہ نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کیا۔ حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ کل تک جنرل باجوہ کے تعریفیں کرتے رہے تم نہیں تھکتے تھے آج اپنے محسن پر ڈبل گیم کا الزام لگا رہے ہو نہ کوئی شرم نہ کوئی حیا ۔جنرل باجوہ کے معاملے میں باپ، بیٹا اور عمران خان ایک پیج پر نہیں ہے ٹرائیکا وضاحت کرے۔سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا ہے؟باپ بیٹا وضاحت کرے جنرل باجوہ کے معاملے میں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں یا باجوہ کے ساتھ؟ویسے چوہدری پرویز الہی وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کا ماہر ہے۔