پنجاب ،خیبرپختونخوا میں دھند،موٹرویز مختلف مقامات پر بند،حادثات،2افراد جاں بحق،5زخمی 


لاہور(صباح نیوز)پنجاب اور خیبرپختونخواکے مختلف علاقوں میں دھند چھائی رہی ،گہری دھند کے باعث موٹر ویزکو مختلف مقامات سے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک، لاہور ملتان موٹر وے ایم 3فیض پور سے درخانہ تک اور موٹر وے ایم 5شجاع آباد، جلالپور انٹرچینج بند رہی۔ت

رجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 4پنڈی بھٹیاں سے درخانہ تک بند کردی گئی جبکہ موٹر وے ایم ون پر برہان تا صوابی سوات ایکسپریس وے پر کرنل شیرخان انٹرچینج سے اسماعیلہ تک ٹریفک معطل رہی،حد نگاہ انتہائی کمی رہی ، کبیر والا میں دھند کے باعث نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، نور کوٹ، نیناں کوٹ روڈ اور ظفر وال روڈ پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

ملانوالی میں دھند کے باعث ڈمپر مکان سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 2افراد زخمی ہوگئے،حافظ آباد میں پنڈی بھٹیاں اور بھوبھڑا کے قریب دھند کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 2افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے،ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتا ل منتقل کر دیا ۔

موٹر وے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے باعث گاڑی چلاتے وقت فوگ لائٹ کا استعمال لازمی کریں اور موکل احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔