سیالکوٹ واقعہ: ساتھی کی سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش ، ویڈیو سامنے آگئی


سیا لکوٹ (صباح نیوز)سیالکوٹ میں فیکٹری ملازمین کے بہیمانہ تشدد سے سری لنکن منیجر کی ہلاکت کے واقعے میں ملوث مزید ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ غیر ملکی شہری کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ساتھی کی ویڈیو سامنے آگئی۔

ایک نجی ٹی وی کو حاصل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پروڈکشن منیجر حملے کے دوران جان ہتھیلی پر رکھ کر کس طرح غیر ملکی منیجر پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

غیر ملکی منیجر پر جب فیکٹری ملازمین نے حملہ کیا تو پروڈکشن منیجر نے انہیں چھت پر چڑھا کر دروازہ بند کردیا۔تاہم 20 سے 25 مشتعل افراد دروازہ توڑ کر حملہ آور ہوئے جن سے پروڈکشن منیجر درخواست کرتے رہے کہ غیر ملکی نے کچھ کیا ہے تو انہیں پولیس کے حوالے کر دیتے ہیں۔

مشتعل ہجوم نے پروڈکشن منیجر کو زدو کوب کیا اور پریانتھا کمارا کو تشدد کرتے ہوئے لے گئے۔

ویڈیو میں کچھ افراد کو نعرے لگاتے اور یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ یہ(منیجر) آج نہیں بچے گا۔ علاوہ ازیں سیالکوٹ میں فیکٹری ملازمین کے بہیمانہ تشدد سے سری لنکن منیجر کی ہلاکت میں واقعے میں ملوث 13 مرکزی ملزمان سمیت 118 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مقامی فیکٹری کے منیجر پر توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے بہیمانہ تشدد کرکے قتل کیا اور ان کی لاش نذرِ آتش کردی تھی۔سیالکوٹ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر عمر سعید ملک نے کہا کہ مقتول کی شناخت پریانتھا کمارا کے نام سے ہوئی ہے۔