گورنر راج لگانا آسان نہیں،  بحرانوں سے نکلنے کا واحد حل انتخابات ہیں،شاہ محمود قریشی


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گورنر راج لگانا اتنا آسان نہیں جتنا یہ سمجھ رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، امید ہے جس طرح پہلے تشدد ہوا اب ویسا نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی نے قانون کے مطابق خود کو پیش کیا، پی ٹی آئی آزمائش سے گزر رہی ہے، پی ٹی آئی ہمت وحوصلے سے آزمائش سے نکلے گی۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے کہا کہ گرفتاریوں سے متعلق حکومت کے عزائم کا علم نہیں، حکومت مزید گرفتاریاں کرے گی تو ہم بھی نمٹ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر راج لگا نا اتنا آسان نہیں جتنا یہ سمجھ رہے ہیں، گور نرراج کیلئے صدر کی مشاورت بھی درکار ہوگی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اعظم سواتی نے کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل انتخابات ہیں، سب نے کہا پی ٹی آئی انتخابات میں سنجیدہ ہے تو اسمبلی تحلیل کردینگے، مریم، رانا ثنا نے کہا صوبائی اسمبلیاں توڑیں الیکشن کرادیں گے۔ا نہوںنے کہا کہ عمران خان کے مطابق موجودہ نظام میں عوام کو انصاف نہیں مل رہا، حکومت کی وجہ سے معاشی مشکلات میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم معقول راستہ دے رہے ہیں جسے حکومت اپنا نہیں رہی، عمران خان آئین وقانون کے دائرے میں جنگ لڑرہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے عمران خان کو دھرنا دینے کا کہا لیکن عمران خان نے ملک کے مفادمیں دھرنا نہ دینے کا فیصلہ کیا۔