انتخابات تو کرانا پڑیں گے، الیکشن کی طرف خود ہی چلے جائیں تو اچھا ہوگا،فواد چوہدری

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اگر وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ ناکام ہے تو فیض آباد میں اپنی کوئی دکان کھولیں۔ مسلم لیگ ن والے لوگ صرف قبروں کے شیر ہیں۔انتخابات تو کرانا پڑیں گے، الیکشن کی طرف خود ہی چلے جائیں تو اچھا ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا روز آ کر کہتے ہیں فلانے کو خطرہ ہے تو کیا آپ چورن بیچنے کے لیے بیٹھے ہیں، اگر آپ کی خبریں سننی ہیں تو ریڈیو سے خبریں سن لیں گے، اگر وزیرداخلہ ناکام ہے تو فیض آباد میں اپنی کوئی دکان کھولیں، انہوں نے معیشت اورپاکستان کی سیاست کا بیڑہ غرق کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی فیملی یورپ کی سیاحت پر نکلی ہے، یہ پاکستان کے پیسوں سے عیاشیاں کر رہے ہیں،

یہ لوگ یورپ میں اکٹھے ہو کر پاکستان کی غربت کا مذاق اڑا رہے ہیں، شہبازشریف روزانہ جہاز بھر کر کبھی ایک ملک کبھی دوسرا ملک جاتے ہیں، یہ غیر سنجیدہ طبقہ ہم پر مسلط ہے۔ ان کی کوئی کارکردگی نہیں صرف عمران خان کے خلاف جتنی مرضی باتیں کرالیں، الیکشن تو کرانا پڑے گا الیکشن کی طرف خود ہی چلے جائیں تو اچھا ہوگا۔ عمران خان عوام کے حقوق کے لیے باہرنکلے ہیں، مافیازکوشکست دینا عوام کے مستقبل کے لیے بہت ضروری ہے۔ پی ٹی آئی سینئر رہنما نے کہا کہ وزیرداخلہ اپنا کام اگرنہیں کر سکتے تو استعفی دیں۔

خواجہ آصف جو مرضی کرلیں ان کا فیس تو سیو نہیں ہو سکتا، ان کو کہتا ہوں لاہورلکشمی چوک میں تنہا کھانا کھا کر دکھائیں اگر انڈے نہ پڑے تو پھر کہنا، شاہدخاقان عباسی نے جہلم میں جلسہ کیا لگ پتا گیا سوبندے نہیں تھے، شاہدخاقان عباسی نے سٹیج پر اپنے بندوں کو کھڑا کیا تھا کہیں انڈے نہ پڑ جائیں، یہ لوگ صرف قبروں کے شیرہے۔فواد چودھری نے کہا کہ مریم اورنگزیب، شیری رحمان وہ کام کریں جو انہیں آتا ہے، عمران خان کی صحت بہتر ہے، نئے انتخابات سے ہی ملک میں سیاسی استحکام آئے گا، سیاسی جماعتیں اورادارے عوام کا فیصلہ قبول کریں،

گیلپ سروے کیمطابق63فیصد پاکستانی فوری الیکشن چاہتے ہیں۔ یہ جدوجہدعمران خان کاذاتی مسئلہ نہیں ہے، عمران خان قوم کے لیے یہ جنگ لڑ رہے ہیں، خطروں کے باوجود عمران خان عوام کیلئے باہر نکلے ہوئے ہیں، مافیا کے خلاف لڑائی اب آخری مراحل میں ہے عوام کو الیکشن کے ذریعے اپنی حکومت منتخب کرنے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں عوام کے حقوق کیلئے الیکشن کا اعلان کریں۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ حکومت نے الیکشن ہی نہیں کرانے تو مذاکرات کیسے؟ مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن بنیادی شرط الیکشن تاریخ کا اعلان ہے۔