راولپنڈی(صباح نیوز)سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کے اعزاز میں جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز چکلالہ میں الوداعی تقریب، جنرل ندیم رضا نے دفاع وطن کی خاطر مسلح افواج کی قربانیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )کے مطابق مدت ملازمت مکمل ہونے پر سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کے اعزاز میں خصوصی الوداعی تقریب جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز چکلالہ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سمیت تینوں افواج کے حاضر اور ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جنرل ندیم رضا نے گارڈ آف آنر اور مارچ پاسٹ کا مشاہدہ کیا،
بعدازاں تقریب سے اپنے خطاب میں جنرل ندیم رضا نے کہا کہ وہ اللہ تعالی کا شکرگزار ہیں، جس نے انہیں بہترین صلاحیت کے مطابق ایمانداری، انصاف اور وقار سے فرائض منصبی سرانجام دینے کے قابل بنایا۔ انہوں نے دفاع وطن کیلئے پاک افواج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کے نتیجے میں ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، ہمارے بہادر سپاہی اسے مزید مضبوط بنانے میں کوئی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ جنرل ندیم رضا پاک فوج میں 41 سال خدمات سرانجام دینے کے بعد آج بروز ہفتے کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں۔