وزیراعظم شہباز شریف کل دو روزہ سرکاری دورے پرترکیہ روانہ ہوں گے

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف آج (جمعہ کو) دو روزہ سرکاری دورے پرترکیہ روانہ ہوں گے،شہباز شریف اور صدر اردگان  استنبول شپ یارڈ میں پی این ایس خیبر کا افتتاح کریں گے،دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات بھی شیڈول ہے جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے دیگر امور پرتبادلہ خیال ہوگا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف 25 سے 26 نومبر 2022 تک ترکیہ کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر اردگان کے  استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے چار ملجم (MILGEM)کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے پی این ایس خیبر کا افتتاح کریں گے۔ دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے دیگر امور پر بھی بات چیت کریں گے۔

وزیراعظم ترکیہ کی کاروباری برادری کے رہنمائوں سے بھی ملاقات  کریں گے۔ ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک(ای ٹی ڈی بی) کے صدر بھی وزیراعظم کے استنبول میں  قیام کے دوران ان سے ملاقات کریں گے۔ پاکستان اور ترکیہ کے قریبی برادرانہ تعلقات ثقافت اور تاریخ کی مشترکات میں گہرے جڑے ہوئے ہیں اور غیر معمولی ہم آہنگی اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون پر مبنی MILGEM منصوبہ پاکستان-ترکی اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ پاک بحریہ کے لیے پہلے کارویٹ پی این ایس بابر کی لانچنگ تقریب اگست 2021 میں استنبول میں کی گئی تھی جبکہ دوسرے جہاز پی این ایس بدر کا سنگ بنیاد مئی 2022 میں کراچی میں منعقد کیا گیا تھا۔  وزیر اعظم نے اس سے قبل مئی-جون 2022 میں ترکیہ کا دورہ کیا تھا۔