ملک کو چینی برآمد کرنے سے کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، پاکستان بزنس فورم

اسلام آباد(صباح نیوز) نائب صدر پاکستان بزنس فورم جہاں آرا وٹو نے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ملک کو رواں سال 260,000 ٹن چینی کی کمی کا سامنا ہے۔ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اور وزارت صنعت و پیداوار کے ساتھ شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال صوبہ سندھ میں گنے کی پیداوار میں 40 فیصد کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس سے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔

اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا ملز مالکان اگر چینی برآمد کرنا چاہتے ہیں تو شوگر ملز مالکان کو حکومت کو تحریری طور یقین دہانی کروانا ہوگی کہ اگلے سال ملک میں چینی کی قلت نہ ہوگی ، گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت 400 روپے فی 50 کلو گرام تھیلا 4,150 روپے سے بڑھ کر 4,550 روپے فی بوری تک پہنچ گئی ہے، جو تاجروں کے مطابق اگر حکومت PSMA کو اجناس برآمد کرنے کی اجازت دیتی ہے تو ایک بار ایک بار پھر 5000 روپے کا ہندسہ عبور ہوجائے گا۔

جہاں آرا وٹو نے کہا کہ پاکستان نے 2011 سے 2020 تک عالمی منڈی کی قیمت سے کم چینی برآمد کی جو کہ $384-$558 فی ٹن تک ہے اور اس کے لیے انہیں حکومت سے سبسڈی بھی ملی۔ لیکن جب حکومت نے برآمدات کی اجازت دی تو چند ہی ہفتوں میں مقامی مارکیٹ میں اجناس کی قلت پیدا ہو گئی اور حکومت کو مجبور کیا گیا کہ وہ 473 سے 826ڈالر فی ٹن کے درمیان چینی زیادہ قیمت پر درآمد کی جس سے ملک کو مالی نقصان ہوا جبکہ ملرز نے برآمد اور درآمد کر کے خوب منافع کمایا۔

جہاں آرا وٹو نے کہاکہ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2011-12میں، PSMA نے 80.7ملین ڈالر مالیت کی 144,706 ٹن چینی برآمد کی جس کی قیمت 558 ڈالر فی ٹن تھی اور 5,247 ٹن درآمد کی گئی جس کی قیمت 4.33 ملین ڈالر تھی جس کی لاگت 826 ڈالر فی ٹن تھی، جس سے 268 ڈالر فی ٹن یا درآمد میں 48 فیصد کا فرق ظاہر ہوتا ہے۔ 2012-13 میں کل 1.03 ملین ٹن چینی جس کی مالیت 506ملین ڈالر فی ٹن ہے برآمد کی گئی اور 8,051 ٹن چینی درآمد کی گئی جس کی قیمت $678 فی ٹن ہے جس کی لاگت $5.45ملین یا برآمدی اور درآمدی قیمت میں 38فیصد فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2013-14 میں 446 ڈالر فی ٹن کے حساب سے 0.735 ملین ٹن چینی برآمد کی، جس سے $327.5ملین حاصل ہوئے اور 8,386ٹن اجناس درآمد کی گئیں جس کے ساتھ کل درآمدی اخراجات $23 ملین یا برآمدات اور درآمدی قیمت میں 40 فیصد فرق ہے۔ 2017-18میں، ملک نے 332ڈالر فی ٹن کے حساب سے 1.57ملین ٹن چینی برآمد کی جس کی قیمت 522 ملین ڈالر ہے اور 7.75 ملین ڈالر مالیت کی 561فی ٹن کے حساب سے 7,748ٹن چینی درآمد کی گئی۔ برآمدات درآمدات کے مقابلے میں 69 فیصد سستی تھیں۔

2018-19میں کل 0.619 ملین ٹن چینی 340 ڈالر فی ٹن کے حساب سے برآمد کی گئی جس سے 210ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا اور چینی کی درآمد 7,519ٹن رہی جو 492 ڈالر فی ٹن تھی جس کی لاگت 3.7 ملین ڈالر تھی یا برآمدات درآمدات سے 45فیصد سستی تھیں۔ جہاں آرا وٹو نے کہا کہ پاکستان نے 2019-20 میں کل 72,611ٹن چینی برآمد کی جس کی قیمت 384 ڈالر فی ٹن ہے جس کی مالیت 27.8 ملین ڈالر تھی اور 36,451 ٹن چینی درآمد کی گئی جس کی قیمت 450 ڈالر فی ٹن تھی جس کی قیمت 16.4 ملین ڈالر تھی جبکہ برآمدات درآمدات کے مقابلے میں 17 فیصد سستی تھیں۔