خام تیل کی پیداوار میں ممکنہ اضافہ،عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی آگئی

نیویارک(صباح نیوز)اوپیک کی طرف سے خام تیل کی پیداوار میں ممکنہ اضافے کے اثرات سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آگئی، امریکی خام تیل کی قیمت 34 سینٹ کمی سے فی بیرل79 اعشاریہ 74ڈالر ہوگئی۔جنوری میں تیل کے پیداواری منصوبے کے لئے اوپیک کا اجلاس 4دسمبر کو ہوگا، پیداوار میں ممکنہ اضافے پر تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 34 سینٹ گر کر 79.74ڈالرہو گئی۔ برطانوی برینٹ تیل کی فی بیرل قیمت 3سینٹ کی کمی سے 87.56ڈالر ہوگئی۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یورپی تاجروں نے روسی ڈیزل ذخیرہ کرنا شروع کردیا ہے۔ یورپی یونین 5 فروری تک روسی تیل کی درآمدات پر پابندی عائد کر دے گی۔

ایمسٹرڈیم میں روسی ڈیزل کی لوڈنگ 2لاکھ 15ہزار بیرل یومیہ تک پہنچ گئی۔ روس براعظم کا سب سے بڑا ڈیزل فراہم کرنے والا ملک ہے۔ یورپی یونین کو روسی حجم کو تبدیل کرنے کے لیے یومیہ 6لاکھ بیرل ڈیزل محفوظ کرنا پڑے گا۔

امریکی اخبار کے مطابق سعودی عرب کی اوپیک کے ساتھ پیداوار میں ا ضافے کے لئے بات چیت ہوئی جبکہ سعودی عرب نیاس کی تردید کردی ہے ۔سعودی وزیر توانائی عبدالعزیر بن سلمان نے کہا کہ اوپیک پلس کی یومیہ 2 ملین بیرل کی کٹوتی 2023کے آخر تک رہے گی۔ مارکیٹ کو متوازن کرنے کیلئے اوپیک مزید اقدامات کر سکتا ہے۔