وزیر خزانہ سے پاکستان شوگر ملز ایسو سی ایشن کے وفد کی ملاقات،مسائل سے آگاہ کیا

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان شوگر ملز ایسو سی ایشن کے وفد کومکمل تعاون و مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی  ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ کی قیادت میں حکومتی ٹیم سے پاکستان شوگر ملز ایسو سی ایشن کے وفد کی ملاقات، اسحاق ڈار نے  وفد کو مکمل تعاون اوران کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار  سے  پیر کے روز  فنانس ڈویژن میں پاکستان شوگر ملز ایسو سی ایشن (پی ایس ایم اے) کے چیئرمین عاصم غنی عثمان کی سربراہی میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ  طارق بشیر چیمہ،  وزیراعظم کے معاون خصوصی  برائے خزانہ  طارق باجوہ، چیئرمین ایف بی آر، وائس چیئرمین پی ایس ایم اے اسکندر ایم خان،  وائس چیئرمین پی ایس ایم ایو احمد ابراہیم ہاشم اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

چیئرمین پی ایس ایم اے عاصم غنی عثمان نے وزیر خزانہ کو ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں شوگر انڈسٹری کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے میٹنگ کو جی ایس ٹی سے متعلق شوگر انڈسٹری کو درپیش مسائل، چینی کے اسٹاک کی دستیابی اور چینی کی برآمد کے بارے میں مزید بتایا۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے چینی کے اسٹریٹجک ذخائر کو برقرار رکھنے اور چینی کی قیمتوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

انہوں نے چیئرمین پی ایس ایم اے کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت شوگر انڈسٹری کے ساتھ ساتھ پاکستان میں گنے کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنا اور کاروبار کرنے میں آسانی  پیدا کرناہے تاکہ ملکی معیشت کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جا سکے۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وفد کو  مکمل تعاون اوران کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔