سکھر(صباح نیوز)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان اپنی مرضی کا آرمی چیف لانے کے لیے ہمیں اوردفاعی ادارے کو بھی بلیک میل کررہے ہیں۔ آرمی چیف کی تقرری کا جن کے پاس اختیارہے ان پراعتماد کیا جائے۔
سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جمعیت علمائے اسلام ف نے کہا کہ ملک میں اس وقت تمام جماعتیں ایک ٹیم بن کر کام کر رہی ہیں، سیلاب نے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی ہے، گزشتہ روز لمبے عرصے بعد ہم نے شکار پور میں جلسہ کیا، ہمارے جلسوں میں عوام کی کوئی کمی نہیں، عوامی رابطوں میں کوئی کمی نہیں آئے گی، فتنے کا ہم مقابلہ کریں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سپہ سالار کی تقرری ایک معمول کا عمل ہے، ہمیشہ تقرری ہوتی ہے اس دفعہ کوئی پہلی بارنہیں ہورہی، یہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لانے کے لیے ہمیں اوردفاعی ادارے کوبھی بلیک میل کررہے ہیں، اس حوالے سے تقرری آئین اورمیرٹ پر ہونی چاہیے، یہ لانگ مارچ نہیں فرلانگ مارچ ہے۔ آرمی چیف کی تقرری کا جن کے پاس اختیار ہے ان پراعتماد کیا جائے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تسنیم حیدر کا بیان پر اتنا کہنا چاہوں گا ملکی ادارے، عدالتیں موجود ہیں، ایک آدمی بیٹھ کر گلچھڑیاں اچھال دیتا ہے، کوئی اہمیت نہیں، ہمیں ملکی اداروں پر اعتماد کرنا چاہیے، ہمارے لانگ مارچ میں ایک پتا بھی نہیں ٹوٹا تھا، ان کا پچھلا ریکارڈ جلاؤ، گھیراؤ کا ہے۔ جب تک عمران سیاست کا حصہ رہے گا گندی سیاست ہوتی رہے گی،
اس پارٹی کا کلچر قوم کا سامنے آ رہا ہے، ہم کسی کے ذاتی عیبوں کے پیچھے نہیں لگتے۔ عام انتخابات کے حوالے سے پیچھے سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وقت بتائے گا کس جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد ہو گا یا نہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایک جگہ ٹھہر گئی ہیں، کوشش ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کومزید کم کیا جائے۔ گزشتہ حکومت جو خزانہ چھوڑ کر گئی اس میں اضافہ ہو گیا ہے۔