کراچی (صباح نیوز)قومی احتساب بیورو(نیب)نے محکمہ تعلیم سندھ سے مختص بجٹ خرچ کرنے کے حوالے سے تفصیلات طلب کر لیں۔
نیب کی جانب سے سوال کیا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے بجٹ کہاں خرچ کیا؟اسکولوں میں تزئین وآرائش کے نام پر کتنا بجٹ خرچ ہوا۔جبکہ سیکرٹری تعلیم سندھ نے متعلقہ افسران کو درکار معلومات نیب کو فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
نیب نے سیکرٹری تعلیم سندھ سے کہا ہے کہ وہ فنڈز کی دستاویزات اورپراجیکٹس کی منظوری کی تفصیلات بھی فراہم کریں۔ نیب نے کہا ہے کہ بتایا جائے کہ بجٹ کی رقم کب اور کہاں خرچ ہوئی۔ سیکرٹری تعلیم سندھ نے تمام متعلقہ افسران کو نیب کے خط کی کاپی بھیج دی ہے۔
نیب نے بینک سے رقم کی منتقلی کی رسیدیں بھی مانگی ہیں۔ جبکہ نجی ٹی وی کے مطابق سیکرٹری تعلیم کے احکامات کے باوجود ابھی تک متعلقہ افسران نیب کو تفصیلات فراہم نہیں کرسکے۔