لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ تمام جمہوریت پسند قوتوں کوپاکستان کوبچانے کے لیے کردارادا کرنا ہوگا،پاکستان کی معاشی خودمختاری کوآئی ایم ایف کے سامنے سرنڈرکردیا گیا، پاکستان دنیا کا ایک مرکزبن رہا تھا اور آج عالمی گداگربن چکا ہے،سفارتکاروں کو تنخواہ نہ ملنے کا مطلب ملک ڈیفالٹ کرچکا ہے جبکہ ایم کیو ایم بحالی تحریک کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ مجھے ایم کیو ایم سے الگ مت سمجھیں، منی بجٹ معیشت کے تابوت میں آخری کیل ہوگا۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)بحالی تحریک کے سربراہ فاروق ستار نے لاہور میں ن لیگی قیادت سے ملاقات جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جمہوریت پسند قوتوں کو اکٹھا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ایک برادرملک کے سامنے پاکستان کوسرنڈرکردیا گیا، ہم ہنستا بستا پاکستان چھوڑکرگئے تھے جبکہ پانچ سے زائد وزرائے خزانہ تبدیل کیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی خودمختاری کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کے سامنے سرنڈر کردیا گیا ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ آج ملک کے سفارتکار ٹوئٹ کررہے ہیں کہ 3 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی، سفارتکاروں کو تنخواہ نہ ملنے کامقصد ملک ڈیفالٹ کرچکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے کراچی میں 14 سیٹیں لیں لیکن کراچی کی ترقی کے لیے کچھ نہ کیا، پاکستان کے بڑے شہروں میں موثر بلدیاتی اداروں کا قیام ن لیگ کی ترجیح ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے کراچی میں امن قائم کرنے کیلئے قدم اٹھایا تھا، ہم نے کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کرکام کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا۔
فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام کو بڑے چیلنج لاحق ہیں جبکہ منی بجٹ معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔فاروق ستار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناتجربہ کاری پر نالائقی کا تڑکا لگا ہے، سندھ کی حکمرانی بد سے بد تر کی طرف جارہی ہے، دیہی اور شہری میں خلیج بڑھتی جارہی ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ مجھے ایم کیو ایم سے الگ مت سمجھیں، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ساتھ مختلف ایشوز پر بات ہوئی ہے۔ایم کیو ایم کے سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ منی بجٹ معیشت کے تابوت میں آخری کیل ہوگا، عوام مایوس ہوگئے، ملک میں بے یقینی کی کیفیت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ حکومت اور سیاسی جماعتوں کی کارکردگی سے تنگ نظر آرہے ہیں، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ آج وسیع ترمفاہمت اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، مجھے ایم کیو ایم سے الگ مت سمجھیں۔
اس موقع پر سعد رفیق نے کہا کہ این اے 133کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے ووٹ خریدنے کی جعلی ویڈیوز بنانے والے پکڑے گئے ہیں۔ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خاموش دورہ لاہور پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا ہوں۔