الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت عالمی یومِ معذوراں کی مناسبت سے تقریبات میں ویل چیئرز تقسیم


لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں ویل چیئرز تقسیم کی مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

ان تقریبات  کا مقصدخصوصی افراد کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہی اور ان کے حل کے لئے اجتماعی کوششوں کا شعور اجاگر کرنا تھا۔اس حوالے سے مرکزی تقریب منصورہ ملتان روڈ میں منعقد کی گئی جس میں 30 ویل چیئرز, 20 وائٹ کین اور ڈیڑھ سو سے زائد تحائف تقسیم کئے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق اس وقت  بدقسمتی سے پاکستان میں 32 لاکھ افراد معذور ہیں جن میں سے اکثریت پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھتی ہے اور بنیادی علاج معالجے اور دیل چیئر ز جیسی سہولیات سے محروم ہے۔ایسے افراد کی مشکل کو کم کرنے کے لئے الخدمت ہر سال سماجی خدمات پروگرام کے تحت ہزاروں ویل چیئرز تقسیم کرتی ہے۔ اب تک 20 ہزار سے زائد مستحقین میں مفت ویل چیئرز تقسیم کی جاچکی ہیں۔

تقریب میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم، صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی،امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد، حمزہ فاؤنڈیشن اور دیگر سماجی اداروں سے خصوصی بچوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔