اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اوروزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معاشرے میں عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحانات امن، ہم آہنگی، سماجی، سیاسی اور معاشی ترقی کے لیے شدید خطرہ بن رہے ہیں، اتحادی حکومت کو عدم برداشت اور تشدد کے حملے کا سامنا ہے، یہ حملہ ان عناصر کی جانب سے ہے جنہیں قابل اعتراض اور مشکوک فنڈنگ کے ذریعے چلایا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ برداشت پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں رواداری کی مشعل راہ ہے، پی پی پی کے قیام سے ہی اس کی قیادت اور کارکنان برداشت کے علمبردار رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے اپیل کی ہے کہ ملک کی باشعور اکثریت ملک سمیت دنیا بھر میں رواداری کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔وزیر خارجہ نے عالمی یومِ برداشت کی تھیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رواداری ہماری دنیا کی ثقافتوں، ہمارے اظہار کی شکلوں اور انسان ہونے کے اقدار کے تنوع کا احترام، قبولیت اور قدردانی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی برداشت پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے سرگرم عمل ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ پی پی پی ملک کی سب سے مضبوط بائنڈنگ فورس ہے، جہاں معاشرے کے ہر طبقے کو بلا تفریق یا تعصب نمائندگی اور بااختیار بنایا جاتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اتحادی حکومت کو عدم برداشت اور تشدد کے حملے کا سامنا ہے، یہ حملہ ان عناصر کی جانب سے ہے جنہیں قابل اعتراض اور مشکوک فنڈنگ کے ذریعے چلایا گیا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ عناصر اپنے ادنی سیاسی مفادات کی خاطر جمہوریت، اداروں اور سماجی و سیاسی تانے بانے کو تباہ کرنے پر تلے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی اقتدار میں ہو یا اپوزیشن میں، شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی طرح رواداری، امن اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی رہے گی۔معاشرے کی عمارت اخلاقیات، برداشت، رواداری اور محبت کے ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے اور جب یہ خصوصیات سماج سے رخصت ہوجائیں تو وہ تباہی کی طرف تیزی سے گامزن ہوجاتا ہے، یہی گمبھیر صورت حال ہمارے معاشرے کو بھی درپیش ہے جہاں عدم برداشت کا رجحان اس سرعت سے فروغ پارہا ہے کہ جس کی کوئی حد نہیں۔اس کے باعث تشدد پسند سرگرمیاں بھی سامنے آرہی ہیں، لوگوں میں ذرا بھی برداشت نہیں، محض چھوٹی چھوٹی باتوں پر تشدد سے بھی گریز نہیں کرتے۔متشدد واقعات اکثریت میں دیکھنے میں آتے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر تو اس حوالے سے کئی وڈیوز خاصی تیزی سے وائرل ہوتی ہیں۔