راولپنڈی (صباح نیوز )امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ معذورافرادکے لیے پاکستان میں قوانین موجودہیں لیکن ان پر عملدرآمدبہت سست روی کا شکارہے جس کے باعث ان کی مشکلات میں اضافہ ہوتاہے ،سرکاری نوکریوں میں معذوروں کے لیے 2فیصدکوٹہ مختص توہے جوکہ بہت ہی کم ہے لیکن اس پربھی عملدرآمد نہیں ہوتا،حکومتی سطح پر اس طبقے کے لیے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ انھیں ریلیف فراہم کیا جاسکے ،الخدمت فائونڈیشن سمیت دیگراین جی اوزمعذورافراد کے لیے قابل قدرخدمات سرانجام دے رہی ہیں ۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے معذوروں کے عالمی دن کے مو قع پر الخدمت فائونڈیشن کے زیراہتمام منعقدہ تقریب تقسیم ویل چیئرسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں صوبائی صدرالخدمت رضوان احمد،چوہدری انصرمحموددھول ایڈووکیٹ سمیت دیگرذمہ داران نے بھی اظہارخیال کیا۔
اس موقع پرباہمت معذورمردوخواتین اوربچوں کوویل چیئرزبھی فراہم کی گئیں۔صوبائی صدرالخدمت رضوان احمدنے کہاکہ معذورافرادبہت بہادراورہماراقومی سرمایہ ہیں معاشرے کے تمام طبقات کوان کی بحالی اورریلیف کے لیے اپنا کرداراداکرنا چاہیے۔
الخدمت فائونڈیشن سارا سال معذورافراد کے لیے عملی اقدامات کرتی ہے، معذوری میں ریلیف کے لیے آلات کے علاوہ فوڈ ،ونٹرپیکج کی فراہمی بھی شامل ہے۔