پاکستان میں مہنگائی 74سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ، عظمیٰ بخاری


لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی 74سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

انہوں نے بیان میں موجودہ وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام اس وقت سب سے زیادہ تبدیلی سرکار کو بھگت رہے ہیں، تین ماہ سے پنجاب میں کوئی وزیر خوراک نہیں ہے، پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ وزیر خوراک سے محروم ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی 74سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ،مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے اور پنجاب کا وزیر صنعت، وزیر خزانہ اور وزیر خوراک لاپتہ ہیں، عثمان بزدار اکیلے اپنے فرنٹ مین سنبھالیں یا لاپتہ وزرا کی وزارتیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی 14فیصد شرح تک پہنچی ہے، 15ہزار ماہانہ تنخواہ لینے والا مزدور 14فیصد مہنگائی میں اضافے کو کیسے برداشت کرسکتا ہے؟ گھی، چینی، آٹا، دالیں، سبزیاں، پھل سمیت تمام خوردنی اشیا غریب کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے اربوں روپے عمران نیازی کے دوستوں کے قریب تر ہوچکے ہیں، نئے پاکستان میں غریب کنگال اور عمران نیازی کے دوست خوشحال ہو رہے ہیں، عمران خان چار بار اپنی مہنگائی ٹیم اورچار وزیر خزانہ تبدیل کرچکے ہیں۔