قوم کو نئے آرمی چیف کا نام 25 یا 26 نومبر کو معلوم ہوجائے گا، وزیر دفاع کا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کے نئے آرمی چیف کا نام قوم کو 25 یا 26 تاریخ کو معلوم ہوجائے گا۔ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر دفاع کے طور پر تیسری مرتبہ آرمی چیف لگانے کا فریضہ سر انجام دوں گا، پچھلی دفعہ بھی 25، 26 نومبر تک وزیراعظم نے نام کا اعلان کردیا تھا۔آرمی چیف تعیناتی کیلئے مشاورت پر وزیر دفاع نے کہا کہ تعیناتی پر نواز شریف سے مشاورت میں کوئی حرج نہیں ہے، اس معاملے پر وزیراعظم مشاورت کرسکتے ہیں، مشاورت کا قرآن میں بھی ذکر ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ادارہ 5 سے 6 نام دیتا ہے، جن میں سے ایک نام منتخب کرکے وزیراعظم اس کا اعلان کرتا ہے، ماضی میں جونیئر افسر آرمی چیف ہوتے رہے ہیں لیکن اس بار سینئر ترین کو نیا آرمی چیف لگایا جائے گا، البتہ اس معاملے کو متنازع بنادیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ’عمران خان اپنے 6 مہینے سے ایک سال کا آڈٹ کر رہے ہیں کہ ان سے کیا غلطیاں ہوئی ہیں، جو انہوں نے کہا اس میں کوئی حقیقت نہیں تھی، وہ اپنی غلطیوں کو درست کر رہے ہیں، عمران کا خیال ہے انہوں نے امریکا کو ناراض کردیا ہے اور امریکا کے ساتھ تعلقات درست کرنا میرے اقتدار کے لئے ضروری ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ باقائدہ پروفائل کے اوپر ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے بیرونی سازش، حقیقی آزادی اور امپورٹڈ حکومت کا بیانیہ سب فراڈ نکلا، اگر اب عمران خان امریکا کے ساتھ صلح سفائی کی کوشش کر رہے ہیں تو ایبسولیوٹلی ناٹ انہوں نے کس کو کہا؟خواجہ آصف نے کہا کہ عمران پر حملے کی ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی تو وفاق پر الزام لگانے کے بجائے انہیں پریوز الٰہی سے پوچھنا چاہئے، خیبرپختونخوا سے پولیس زمان پارک گئی ہوئی ہے، جس کا مطلب عمران خان کو پنجاب پولیس پر ہی اعتبار نہیں ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مجھے صدر مملکت کے رابطے کی کوششوں کا علم نہیں، جب پی ٹی آئی اقتدار میں تھی اس وقت انہیں الیکشن کی جلدی نہیں تھی اور اب ہماری حکومت کے 7 ماہ کے دوران ایک بھی سیاسی قیدی نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے پنجاب سے فرح گوگی کو این آر او دلوایا جنہوں نے باہر سے اپنا کاروبار جاری رکھا ہوا ہے، ملک ریاض کو 190 ملین ڈالر کا فائدہ پہنچایا اور زمینیں حاصل کی گئیں، عمران کے لیے اقتدار اور دولت مطمع نظر ہے۔پارٹی قائد کی واپسی پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف اسی سال واپس آئیں گے، عمران خان کی حکومت نے شریف فیملی کے ساتھ بہت زیادتیاں کی ہیں ۔۔