قومی سلامتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب، صدر مملکت نے شرکا کو اسناد سے نوازا


راولپنڈی (صباح نیوز)نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد میں 24ویں قومی سلامتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان، ڈاکٹر عارف علوی نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں 24ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے کامیاب شرکا کو اسناد سے نوازا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چار ہفتوں پر محیط ورکشاپ میں سینیٹرز، اراکین قومی،صوبائی اسمبلی، بیوروکریٹس، سفیروں، مسلح افواج کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

ورکشاپ کا مقصد سکیورٹی امور کو سمجھنا اور اس بارے آگاہی پیدا کرنا تھا۔بیان کے مطابق شرکا کو قومی سلامتی اور پاکستان کو درپیش چیلنجز سے آگاہی دی گئی، صدر نے ورکشاپ کے شرکا کو قومی سلامتی سے متعلق ورکشاپ کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق صدر نے ملکی قیادت کیلئے نیشنل سیکورٹی ورکشاپس کے انعقاد میں این ڈی یو کے کردار کو سراہا۔