کراچی(صباح نیوز)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جام صادق پل کی جگہ ایک اور پل کی تعمیر جلد شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی کہ بی آر ٹی ییلو لائن داد چورنگی تا نمائش 21 کلو میٹر کوریڈور ہے، 17.6کلومیٹر سڑک اور 3.4 کلومیٹر انڈر پاسز ہونگے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ییلو لائن کی 28 اسٹیشنز ہونگی جس میں 6 اسٹیشنز انڈرپاسز میں ہونگی، 268 ہائیبرڈ ڈیزل بسز ییلو لائن کی ہونگی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ روزانہ 300000 کی رائیڈر شپ ہوگی، بی آر ٹی ییلو لائن ورلڈ بینک کے تعاون سے 60 بلین روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ جام صادق پل کی جگہ ایک اور پل کی تعمیر جلد شروع کی جائے، کراچی کو بہترین ٹرانسپورٹ کی ضرورت ہے، جسے میں جلد دینا چاہتا ہوں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت گرین لائن، اورنج لائن، پیپلز بس سروس اور اب ییلو لان سے شہر کی ٹرانسپورٹ بہتر ہوجائے کی، ہم کے سی آر(کراچی سرکلر ریلوے)پر بھی جلد کام شروع کروائیں گے۔
وزیراعلی سندھ نے وزیر ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ ییلو لائن منصوبے کو فائنل کر کے ورلڈ بینک کو دیں تاکہ کام شروع کرسکیں اور مجھے ریڈ لائن دو سالوں میں مکمل کر کے دیں۔اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، چیف سیکرٹری سہیل راجپوت، پرنسپل سیکرٹری فیاض جتوئی، سیکرٹری خزانہ ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری بلدیات نجم شاہ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ حلیم شیخ اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ گزشتہ روز سندھ حکومت اور ورلڈ بینک کے درمیان جام صادق پل کے متبادل پل کی تعمیر کو جلد شروع کرنے پر اتفاق کیا گیاتھا۔