عارف نظامی کی وفات، دیگر خالی نشستوں پر بقیہ مدت کے لئے سی پی این ای عہدیداران کا اعلان


لاہور(صباح نیوز)کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز(سی پی این ای ) کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں  عارف نظامی کی وفات اور دیگر خالی نشستوں پر بقیہ مدت کے لئے ڈیلی ٹائمز کے گروپ ایڈیٹر کاظم خان کو سی پی این ای کاصدر ، روزنامہ ایکسپریس کے گروپ ایڈیٹر ایاز خان سینئر نائب صدر ، کرن و خواتین ڈائجسٹ گروپ کے چیف ایڈیٹر عامر محمود سیکرٹری جنرل اور پاکستان ٹوڈے کے ایڈیٹر یوسف نظامی کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ تقرریاں غیر معمولی صورت حال میں کی گئی ہیں۔ عہدیداران کا انتخاب ہر سال مئی میں اے جی ایم کے اجلاس میں ہوتا ہے۔

اجلاس میں مجوزہ پی ایم ڈی اے کے قانون، گورنمنٹ پریس ریلیشنز اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت فیک نیوز کی پاداش میں مستند اور مسلمہ صحافتی پلٹ فارمز پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر پابندیاں عائد کرنے کے درپے ہے ، جو دیگر کئی حکومتی ہتھکنڈوں کے ذریعے پہلے سے نت نئی پابندیوں اور سنسرشپ کا شکار ہیں۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پی ایم ڈی اے کی قانون سازی کی ہر پلٹ فارم پر بھر پور مخالفت اور مزاحمت کی جائے گی۔

اجلاس میں وفاق سمیت سندھ ، پنجاب ، کے پی کے اور بلوچستان کی حکومتوں جانب سے سرکاری اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم اور واجبات کی ادائیگیوں میں انتہائی تاخیر پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا کہ کئی سالوں سے شائع ہونے والے ریگولر اور مستند اخبارات و جرائد کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے، علاوہ ازیں جاری شدہ اشتہارات کی ادائیگیاں بھی کئی سالوں سے تاخیر کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے اخبارات و جرائد کے ادارے شدید مالی بحران میں مبتلاہیں ۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سرکاری اشتہارات کئی سالوں سے شائع ہونے والے ریگولر اور مستند اخبارات و جرائد کو جاری کئے جائیں، علاوہ ازیں علاقائی، ریجنل اور درمیانے درجے کے میٹروپولیٹن اخبارات کو ترجیح دیتے ہوئے متعلقہ اشتہارات ان کی علاقے اور صوبے کے اخبارات و جرائد کو جاری کئے جائیں۔

خیبرپختونخوا کے جوائنٹ سیکریٹری طاہر فاروق نے خیبر پختونخوا حکومت سے سی پی این ای کے رکن اخبارات کو سرکاری اشتہارات میں جائز حصہ دینے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں حکومت سے اخبارات کے واجبات کی بھی جلد از جلد ادائیگیاں کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران کی اخباری اداروں کے نمائندگان سے غیر مناسب رویے کی نشاندہی کو بھی باعث تشویش قرار دیا گیا۔

اجلاس میں سی پی این ای کے صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان، سیکریٹری جنرل عامر محمود، ڈپٹی سیکریٹری جنرل یوسف نظامی اور فنانس سیکریٹری حامد حسین عابدی، انفارمیشن سیکریٹری عبدالرحمان منگریو، نائب صدور ارشاد احمد عارف ، انور ساجدی، سابق سیکریٹری جنرل اعجازالحق، ڈاکٹر جبار خٹک، جوائنٹ سیکریٹریز غلام نبی چانڈیو، طاہر فاروق، عارف بلوچ، تنویر شوکت، سینئر اراکین جمیل اطہر قاضی، مقصود یوسفی، عبدالخالق علی، محمد طاہر ،احمد شفیق، محمد اکمل چوہان، بشیر احمد میمن ، محمود عالم خالد ، ممتاز احمد صادق، محمد اویس رازی، شیر محمد کھاوڑ، زبیر محمود خالد، یحیی خان سدوزئی، سید فرزند علی، وقاص طارق فاروق، سردار نعیم، قیصر علی شاہ ، سجاد عباسی ، وزیر زادہ، فضل حق، رشید اقبال، ظفر وٹو اور منزہ سہام سمیت متعدد اراکین نے شرکت کی۔