شرم الشیخ(صباح نیوز)پاکستان اورفرانس نے موسمیاتی تبدیلی کامقابلہ کرنے کے لئے ملکرکام کرنے پراتفاق کیاہے۔یہ اتفاق رائے مصرمیں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اوران کی ہم منصب کیتھرین کولونا کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں متاثرین سیلاب کی مدد کرنے پرفرانس کاشکریہ اداکیا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرمملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کے موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلے کے لئے اقدامات کو بھی سراہا۔ اس موقع پر فرانسیسی وزیر خارجہ نے موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلے کے لئے پاکستان کی عالمی امداد کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔۔