کراچی (صباح نیوز)ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک سیلاب زدگان کے گھروں کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض دے گا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کراچی میں ورلڈ بینک کے 13 رکنی وفد نے مرادعلی شاہ سے ملاقات کی، وفد میں ورلڈ بینک کے مختلف سیکٹر کے سربراہان شریک تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے 268 سڑکوں کی مرمت کی جائیں گی، ہم سیلاب زدگان کے نئے گھروں کو سولر سسٹم دینا چاہتے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم سیلاب زدہ علاقوں میں تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیر جلد سے جلد شروع کرنا چاہتے ہیں، سردیاں بھی شروع ہورہی ہیں ہمارے لوگ تکلیف میں ہیں۔ جس پر ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ ہاؤسنگ پروجیکٹ کیلئے فنڈز جاری کرنے جارہے ہیں۔
ملاقات کے دوران سندھ حکومت اور ورلڈ بینک نے پراپرٹی ٹیکس کے سروے کا منصوبہ جلد شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ پروجیکٹ کراچی میں اگلے ماہ سے شروع کیا جائے گا۔