شرم الشیخ(صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ماحولیاتی خطرات کے خلاف عالمی ڈھال کے اقدام کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے بین الاقوامی یکجہتی اور تعاون کی ضرورت ہے، ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے ترقی پذیر ممالک میں مالی وسائل کو مربوط اور متحرک کرنے کیلئے بنیادی محرک کے طور پر کام کرنا چاہئے۔
انہوں نے کوپ۔ 27 کے سربراہ اجلاس میں نقصانات اور ضیاع پر اقدام اور تعاون میں اضافہ ۔ ماحولیاتی خطرات کے خلاف عالمی ڈھال سے متعلق اعلی سطح گول میز کانفرنس میں شرکت کے موقع پر کہی۔ گول میز کانفرنس کی میزبانی مشترکہ طور پر جرمن چانسلر اولاف شولز اور گھانا کے صدر نانا اکوفو اڈو نے کی۔
اجلاس میں متعدد سربراہان مملکت اور حکومت نے شرکت کی۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جیسے کمزور ترقی پذیر ممالک پہلے ہی ماحولیاتی تبدیلی کے سنگین اور تباہ کن اثرات کا مشاہدہ کررہے ہیں حالانکہ پاکستان کا ماحولیاتی تبدیلی میں بہت کم حصہ ہے۔ انہوں نے شرکا کو پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ نقصان اور ضیاع کا مسئلہ پاکستان کی اہم ترجیحات میں سے ایک ہے، انہوں نے کوپ۔ 27 کے ایجنڈا آئٹم کے طور پر اس کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ سی او پی نے نقصان اور ضیاع کے لیے فنڈنگ کے انتظامات پر باضابطہ طور پر بات چیت کرنے پر اتفاق کیا ہے جو کہ پاکستان اور چین کے گروپ۔ 77 کی سربراہی میں ترقی پذیر ممالک کے مسلسل دبائو کے ذریعے حاصل کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے ماحولیاتی خطرات کے خلاف عالمی ڈھال اقدام کی اہمیت کو سراہتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی یکجہتی اور تعاون پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ مطلوبہ فنانسنگ سہولت کو ترقی پذیر ممالک میں نقصان سے نمٹنے کے لیے مالی وسائل کو مربوط اور متحرک کرنے کے لیے بنیادی محرک کے طور پر کام کرنا چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کوپ۔ 27 نے اس سلسلے میں واضح اور حتمی فیصلے لینے کا بروقت موقع فراہم کیا ہے