مظفر آباد: آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے آج یوم شہدائے جموں عقیدت و احترام سے منایاجا رہا ہے۔ اس موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب خصوصی تقریبات میں اس عزم کی تجدید کی گئی کہ کشمیری اپنے تاقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک شہدا کا مشن جاری رکھیں گے۔
یاد رہے نومبر 1947 کے پہلے ہفتے میں ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ، بھارتی فوج اور ہندو انتہا پسندوں نے جموں کے مختلف حصوں میں پاکستان کی طرف ہجرت کرنے والے لاکھوں کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔کشمیر لبریشن سیل، حریت اور دیگر مذہبی تنظیموں کے زیر اہتمام آزاد کشمیر میں ریلیاں، مظاہرے اور احتجاجی جلوس نکالے جائیں گے ، آزاد جموں وکشمیر کے تمام تینوں ریڈیو اسٹیشنز اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے ۔
آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان میں تمام مساجد میں بھارت کے ناجائز قبضے سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی اور پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ یوم شہدائے جموں کے سلسلے میں خصوصی تقریبات میں کشمیری رہنماؤں نے جموں کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک عظیم مقصد کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہ اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اپنی ظالمانہ کارروائیوں کو روکے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرے۔