اسلام آباد،لندن(صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں نواز شریف نے شہبازشریف کو عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ قومی ریاستی دفاعی اداروں کے خلاف یہ شخص نفرت پھیلا رہا ہے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان سیکیورٹی رسک بن گیا اس کے خلاف کاروائی کررہے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران گزشتہ روز سابق وزیر اعظم عمران خان کے پاک فوج کے حوالہ سے بیانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نوازشریف نے فوری طور پر شہباز شریف کو عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ قومی ریاستی دفاعی اداروں کے خلاف یہ شخص نفرت پھیلا رہا ہے اور آئی ایس پی آر کے بیان کی بنیاد پرحکومت تمام قانونی تقاضے آئین اور قانون کے مطابق پورے کرے۔
نوازشریف نے کہا کہ ایک شخص فوج اورعوام کو آمنے سامنے لا کر خونی انقلاب کی باتیں کررہا ہے جبکہ وزیر اعظم شہباشریف نے کہا کہ عمران خان سکیورٹی رسک بن گیا ہے۔