عمران خان سیاسی مخالف ہیں دشمن نہیں، مارچ پر حملہ مذہبی انتہاپسندی کا واقعہ ہے،رانا ثناء اللہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان سیاسی مخالف ہیں دشمن نہیں، پی ٹی آئی مارچ پر حملہ مذہبی انتہاپسندی کا واقعہ ہے،عمران خان نے قاتلانہ حملے کی ذمہ داری ہم پر عائد کری ہے، اس معاملے کی تحقیقات پنجاب حکومت کو کرنی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر ماحول اچھا ہو تو عمران خان سے تعزیت کرنے جاسکتے ہیں لیکن کل جس طرح سے انہوں نے ہم پر الزام عائد کیا ہے اس موقع پر جانا مناسب نہیں، اس بارے میں تحقیق ہونی چاہیے اور تحقیق پنجاب حکومت کو کرنی چاہیے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ویڈیو لیک ہونے میں پولیس کی اپنی غفلت ہے، افسوس ناک بات یہ ہے کہ تھانہ معطل ہونے کے بعد بھی دوسری ویڈیو وائرل ہوئی، جب اس ملزم کی تفصیلات سامنے آئیں گی تو آپ حیران رہ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے تو کل بھی کہا تھا کہ کس سے ثالثی کریں ؟ ہمیں آگے سے گالیاں پڑتی ہیں، میں کوئی اسٹیٹمنٹ نہیں دینا چاہتا کیوں کہ معاملے کی تحقیقات چل رہی ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے خیال کریں، لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ ہم لانگ مارچ روکنے کے لیے ایسا کر رہے ہیں، اس سے پہلے بھی انٹیلی جنس رپورٹ موجود تھی اس قسم کے واقعات کے حوالے سے، آپ ہماری باتیں اور انٹیلی جنس کی رپورٹ کو ہوا میں اڑاتے رہے۔

انہوں ںے کہا کہ گجرات سے ویڈیو لیک ہوئی ہے یا جاری ہوئی ہے، چلیں جاری ہوگئی اس کے بعد آپ نے پورا تھانہ معطل کردیا لیکن معطلی کے باوجود ایک اور ویڈیو جاری ہوگئی۔

رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ ہم ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں، اس وقت جو پی ٹی آئی کا رویہ تھا وہ آپ کے سامنے تھا، جو دوسری ویڈیو دیکھی ہے اس کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا، اس ویڈیو میں ملزم باقاعدہ بحث کر رہا ہے، اس ملزم سے جو موبائل فون برآمد ہوا ہے اس میں سے بھی چیزیں برآمد ہوئی ہیں، میں عمران خان کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کا سارا شک دور ہوجائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارا ہمسایہ بہت خوش ہے اس وقت، مختلف قسم کے الزامات آپ لگا رہے ہیں جو آپ کے منہ میں آ رہے ہیں، آپ اپنے سیاسی فائدے کے لیے یہ کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، عمران خان کو سکیورٹی دینا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے۔