لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے تین افراد کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
ایک ویڈیو پیغام میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسپتال میں عمران خان کا طبی معائنہ ہوگیا ہے اور اللہ کا شکر ہے ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو اگر اس بات پر کوئی شک تھا تو وہ دور ہونا چاہئے جو عمران خان کہتے تھے کہ میں حقیقی آزادی کیلیے جان دینے کیلیے تیار ہوں۔ میں نے چند دن قبل عمران خان کو خطرات سے آگاہ کردیا تھا مگر انہوں نے کہا کہ ہم جس جہاد کیلیے نکلے ہیں ہمیں سب کچھ اللہ پر چھوڑ دینا چاہئے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ اب سے تھوڑی دیر قبل عمران خان نے مجھے اور میاں اسلم اقبال کو بلایا اور کہا کہ میری طرف سے قوم کو یہ پیغام دو کہ میرے پاس پہلے سے معلومات تھیں اور تین لوگوں کے اوپر میرا یقین ہے جنہوں یہ سب کچھ کروایا ہے۔ اور یہ تین لوگ شہبازشریف، راناثنااللہ اور میجر جنرل فیصل ہیں اور یہ میں معلومات کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان تینوں کو فی الفور اپنے عہدوں سے ہٹایا جائے اور اگر نہیں ہٹایا گیا تو ملک گیر احتجاج ہوگا جس وقت عمران خان نے کال دی یہ احتجاج شروع ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میری ابھی ڈاکٹر فیصل سلطان سے تفصیلی بات ہوئی ہے، میں نے ان سے پوچھاعمران خان کو جو زخم آئے ہیں وہ کس نوعیت کے ہیں؟ تو مجھے بتایا گیا کہ عمران خان کی ٹانگ کی نچلی ہڈی میں چھرے لگے ہیں، ران میں بھی ایک گولی لگی ہے، ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کر لیا ہے، سی ٹی اسکین بھی ہو گیا ہے اور طبیعت بہتر ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہاکہ میرا دل سے ایمان ہے کہ اللہ تعالی کا عمران خان پر سایہ ہے، اللہ تعالی نے عمران خان سے اس ملک کے لئے بڑے بڑے کام لینے ہیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیرپنجاب میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ آج جو ظالمانہ اور قاتلانہ حملہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر کیا گیا اس سلسلے میں عمران خان کے ہدایت پر ان تینوں افراد کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ خیال رہے کہ آج وزیرآباد میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے کنٹیر پر حملے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔