اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیاننے کے حق میں سابق فوجی قیادت کی جعلی آڈیو ، ویڈیوز وائرل کرانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل شجاع پاشا کی جعلی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعدسابق چیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل احسان الحق سے منسوب آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے ۔سرکردہ صحافی و معروف اینکرپرسن سلیم صافی کے رابطہ کرنے پر جنرل احسان نے ایسی کوئی بھی آڈیو ریکارڈ یا جاری کرنے کی تردید کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیانیے کی حمایت میں کئی جعلی آڈیو / ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں ۔ ایسی ویڈیوز زیادہ تر سابق فوجی قیادت کی ہیں۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل شجاع پاشا سے منسوب جعلی ویڈیو بھی ماضی قریب میں وائرل ہوئی تھی۔ اب کی بار جنرل احسان کی پندرہ منٹ کی جعلی آڈیو وائرل ہوئی ہے ۔ جنرل احسان سے منسوب آڈیو میں ملک میں خون خرابے سے بچنے کے لیے فوری انتخابات کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ اس آڈیو میں جنرل احسان سے منسوب ان کے سابق ادارے کے خلاف سخت زبان استعمال کی گئی ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ جو لوگ جنرل احسان کو جانتے ہیں وہ ان کو اعتدال پسندی ، خوش اخلاقی اور زمینی حقائق کے مطابق سوچ رکھنے والا شخص قرار دیتے ہیں ۔ وہ میڈیا کے ذریعے نمایاں ہونے کا شوق بھی نہیں رکھتے ۔
دریں اثناء پاکستان کے سرکردہ اینکر پرسن و معروف صحافی سلیم صافی نے وائرل آڈیو کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ انہوں نے خود جنرل احسان سے رابطہ کیا ہے ۔ جنرل احسان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسی کوئی آڈیو ریکارڈ یا جاری نہیں کی ہے ۔
قابل ذکر امر یہ ہے کہ ماضی قریب میں اس طرح کی جعلی آڈیو یا ویڈیوز تحریک انصاف سے وابستہ لوگوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جاری ہوئی تھیں ۔ حال ہی میں بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں جنرل سرفراز کی شہادت کے بعد بھی پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے افراد کے درجنوں اکاؤنٹس سے جعلی ویڈیوز جاری کی گئی تھیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اور دیگر تفتیشی اداروں نے ریٹائرڈ جنرل احسان سے منسوب آڈیو کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔