تیسری مرتبہ بلدیاتی حلقہ بندی مذاق ،حکومت انتخابات سے فرار چاہتی ہے


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے چیف الیکشن کمشنر کا حکومت کی جانب سے تیسری مرتبہ بلدیاتی حلقہ بندیوں کی درخواست کو مذاق قرار دینے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بلدیاتی انتخابات سے فرار چاہتی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے بھی مختلف حیلوں بہانوں سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کروائے اور موجودہ اتحادی حکومت بھی انہی کے نقش قدم پر چل رہی ہے اور غیر سنجیدہ دکھائی دیتی ہے۔ پنجاب میں دوبار حلقہ بندیاں ہوچکی ہیں۔ تیسری مرتبہ حلقہ بندیوں کی خواہش درحقیقت تاخیری حربے ہیں ۔صوبے کے گیارہ کروڑ عوام کو ان کا آئینی و قانونی حق ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گلیاں پکی کروانا اور سیوریج ٹھیک کروانا ایم این ایز کے کام نہیں بلکہ یہ کام نیچے بلدیاتی نمائندے کرتے ہیں۔ مگر بد قسمتی سے جو بھی سیاسی پارٹی برسر اقتدار آئی ، اس نے پاور شیئرنگ نہیں کیا۔ جب تک اقتدار نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوتا، اس وقت تک کوئی بھی ملک اپنے پائوں پر کھڑا نہیں ہوسکتا۔ ملک و قوم اس وقت سنگین قسم کے بحرانوں کی زد میں ہے۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقتدار حقیقی معنوں میں محب وطن قیادت کے ہاتھوں میں آ ئے تاکہ عوام کو درپیش مسائل میں کمی ہو سکے ۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف نے لوٹ مار کرکے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ کفایت شعاری کے درس دینے والے افسران کو نوازنے کے لیے پنجاب میں ایک ارب روپے کی نئی گاڑیاں خرید رہے ہیں۔