انتخابی اصلاحات کیلئے جمہوری قوتوں کو ایک پیج پر آناہوگا،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی ،سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ انتخابی اصلاحات کیلئے تمام جمہوری قوتوں،حکومت اور ریاست کو ایک پیج پر آناہوگا۔ لاہور میں عوامی وفود سے ملاقات میں  لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران سرکار آئندہ انتخابات چوری کرنے کے لئے ہرحربہ طے کر رہی ہے۔

انتخابی اصلاحات کے لئے متفقہ قومی پالیسی کے لئے تمام جمہوری قوتوں،حکومت اور ریاست کو ایک پیج پر آناہوگا۔ حکومتی اقدامات غیر آئینی، غیر جمہوری ہیں۔ حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نشانہ بنا رہی ہے۔ مسلم لیگ ن ،پی پی پی این اے 133 ضمنی انتخاب کو عزت دو کے بیانیے کی دھوم دھام سے تدفین کررہی ہیں۔ جماعت اسلامی قومی متفقہ انتخابی اصلاحات اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے ملک گیر مہم چلائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زر، یوٹیلٹی بلز کا بوجھ اس قدر بڑھ گیا ہے کہ جس کا چھو ٹے موٹے ریلیف سے عوام کو کوئی سہولت نہیں ملے گی، اقتصادی حالات کو سنبھالنے کیلئے دوست ملکوں سے قر ضہ اور آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط کے سامنے حکومت کاسرنڈر معیشت کو مزید تباہ کرے گا۔ اقتصادی بحران کی صورتحال گھمبیر ہے۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ساکھ زمین بوس ہو چکی، قومی قیادت نے بحران کے خاتمہ کے لئے حل نہ نکالاتو ملک دیوالیہ ہوجائے گا۔ ایٹمی صلاحیت رول بیک کرنے ، فوجی صلاحیت مفلوج کرنے کا دبائو بڑھ جائے گا۔

اسٹیبلشمنٹ کو جانبداری کو چھوڑ کر قومی اورغیر جانبدار کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان گوادر میں کئی ر وز سے جاری حق دوگوادر دھرنا کے مطالبات پر وفاق،صوبہ اور سرکاری اداروں کی بے حسی شرمناک ہے، خواتین،مرد ، نوجوان اور ماہی گیر سراپا احتجاج ہیں۔ مولانا ہدایت الرحمن کی قیادت میں عوامی مطالبات کو تسلیم کیا جائے، سی پیک منصوبہ کے ثمرات کا پہلا حق گوادر کے عوام کاہے۔

انہوں نے کہاکہ لاہور میں چوری،ڈکیتی، سٹریٹ کرائم، منشیات فروشی دھڑلے سے ہو رہی ہے۔ حکومت ہر مافیا کی سرپرست بنی ہوئی ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی ، سموگ کے سدِباب کے لئے پنجاب حکومت کے بروقت انتظام نہیں کیے۔ لاہور میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کی صورتحال ابتر ہے ۔حکومت بلدیاتی نظام کو بااختیار اور عوام کی سہولت کا نظام بنانے کی بجائے اندرونی سازشوں کا شکار ہے۔ سندھ میں پی پی پی حکومت بلدیاتی نظام کے ساتھ ظالمانہ عوام دشمن کھلواڑ کررہی ہے۔