اسلام آباد(صباح نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کی منظوری دے دی ۔پاکستان کے لیے فنڈز کی منظوری بجٹ سپورٹ لون کے طور پر دی گئی ہے۔ اے ڈی بی کے قرضے کی منظوری سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور بونڈ مارکیٹ میں بہتری آئے گی۔
اے ڈی بی کی جانب سے فنڈز کی منظوری کے بعد وزیر خزانہ اسحق ڈار نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ الحمدللہ! ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ نے پاکستان کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز جاری کرنے کے سلسلے میں معاہدہ آئندہ ہفتے میں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ بینک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے آگاہ ذرائع کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک 21 اکتوبرکو ڈیڑھ ارب ڈالر کا قرضہ منظور کرے گا،
جس کے بعد ہنگامی معاونت کے طور پر 40سے 50 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دی جائے گی۔ اس طرح اے ڈی بی دسمبر کے اختتام سے قبل 2 ارب ڈالر کے قرضوں کی منظوری دے گا۔ان قرضوں کی وجہ سے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملے گا ساتھ ہی روپے کو مستحکم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات کو بھی مزید مضبوطی ملے گا۔