سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت منصوبوں کے حوالے سے پچھلے 48 گھنٹوں میں پیش رفت پر وزیراعظم کا اظہار مسرت


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر التوا منصوبوں کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی .اجلاس میں سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے وفد ، جو کہ پاکستان کے دورے پر ہے، نے بھی شرکت کی،وزیراعظم کی ہدایت پر سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر التوا منصوبوں کے حوالے سے 48گھنٹوں میں تمام رکاوٹیں دور کر لی گئیں ہیں اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام نے تمام ضروری کاروائی بھی مکمل کرلی ہے.

وزیراعظم نے اس حوالے سے پیش رفت پر اظھار مسرت کرتے ہوئے کابینہ کے متعلقہ ارکان اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمیں اسی ولولے ، جوش اور نیک نیتی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے.وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ہم نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے منصوبوں کے حوالے سیغیر ضروری تاخیر کی جس کا ہمیں بہت نقصان اٹھانا پڑرہا ہے تاہم اب ہمیں اسی رفتارسے آگے بڑھنا ہے جس رفتار سے پچھلے دو دنوں میں کابینہ کے متعلقہ ارکان اور افسران کے اس گروپ نے کام کیا،اجلاس کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے منصوبوں پر تازہ پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گء . بریفنگ میں بتایا گیا کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر تحت مہمند ڈیم پراجیکٹ، جاگران-IV پراجیکٹ ، شونٹر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور Gravity Flow Water Mansehra Project کے حوالے سے تمام ضروری کاروائی مکمل کر لی گئی ہے اور اس سلسلے میں معاہدوں پر جلد دستخط کیئے جایئں گے،

مزید براں اجلاس کو بتایا گیا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ اور گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حوالے سے تمام دشواریاں دور کر لی گئی ہیں. بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں نیلم ویلی روڈ کے ایک سیکشن اور دو ٹنلز کی تعمیر کے لیے PC-I تیار کر لیا گیا ہے. مزید براں ملاکنڈ ریجن میں انفراسٹرکچر کی تعمیر اور حیاسری(Hayaseri) اسپتال کو ضروری سامان اور فرنیچر کی فراہمی کے منصوبوں کے حوالے سے بھی تمام مسائل حل کر لیے گئے ہیں . بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر اور ایبٹ آباد کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے حوالے سے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ ، ایرا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور اکانٹنٹ جنرل آفس کے درمیان تمام معاملات طے پا گئے ہیں اور ترلائی , اسلام آباد میں شاہ سلمان اسپتال کی تعمیر کے حوالے سے تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے،

وزیراعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اوردیامر بھاشا ڈیم میں فنڈنگ کرنے کی ترغیب دی جس پر سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے وفد نے دلچسپی کا اظہار کیا ،17اکتوبر 2022کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے منصوبوں میں تاخیر پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ اس سلسلے میں تمام ضروری کاروائی وفد کی پاکستان میں موجودگی کے دوران پوری کر کے ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے.

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے خارجہ امور سمیت ہر محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے. سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کو ہمیشہ غیر مشروط حمایت اور مدد حاصل رہی ہے. وزیراعظم نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب نے پاکستان کی ہر ممکن مدد کی ؛ انہوں نے اس سلسلے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا خاص طور سے شکریہ ادا کیا. وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی مالی مشکلات کے حل گرانٹ اور قرضوں کی فراہمی اور سرمیہ کاری کی صورت میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ،

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی خوشحالی اور سیکورٹی پاکستان کی خوشحالی اور سیکورٹی ہے اور ہم ہر طریقہ سے سعودی عرب کی حمایت جاری رکھیں گے،سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ وفد کی قیادت سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے جنرل ڈائریکٹرایشیا ڈاکٹر سعود اے ایشمری (Dr. Saud A. Alshammari) نے کی . اجلاس میں وفاقی وزیر برائے خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیربرائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال, وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوھدری سالک حسین ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور جہانزیب خان ، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف الملکی اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی،اجلاس کے بعد سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا