پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسحاق ڈار


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خزانہ اسحاق ڈاراوروزیر برائے اقتصادی امورایاز صادق نے ممتاز پاکستانی نژاد امریکی آئی ٹی/ٹیک انٹرپرینیورز کے ساتھ ملاقات کی۔وزیرمملکت عائشہ غوث پاشا ،گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد ،سفیر مسعود خان اور پاکستانی وفد کے دیگر اراکین بھی اس موقع پرموجود تھے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے گزشتہ چند مہینوں میں سخت فیصلے کیے تھے جو پاکستان کو معاشی بحالی کی راہ پر ڈالنے کے لیے ضروری تھے۔ تباہ کن سیلاب نے مشکلات میں اضافہ کر دیا تھا لیکن حکومت کو یقین تھا کہ دانشمندانہ پالیسیوں کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجز پر قابو پا لیا جائے گا۔وزیر خزانہ نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کو مضبوط بنانے میں پاکستانی نژاد امریکی ٹیک انٹرپرینیورز کی دلچسپی کو سراہااور اس بات پر زور دیا کہ اس شعبے میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں اور یہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ حکومت آئی ٹی/ٹیک سیکٹر پر ترجیحی توجہ دے رہی تھی اور پاکستان کے ٹیک سیوی نوجوان ایک بہت بڑا ذریعہ ہیں جنہیں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لیے بہترین طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ نے شرکا کو یقین دلایا کہ پاکستان آنے والے سالوں میں اپنی آئی ٹی برآمدات میں غیرمعمولی نمو حاصل کرنے کے لیے ان کی کوششوں میں حکومت کی طرف سے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ پاکستانی نژاد امریکی آئی ٹی/ٹیک انٹرپرینیورز نے آئی ٹی/ٹیک سیکٹر پر حکومت کی توجہ کو سراہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری میں اپنی دلچسپی کے عزم کااعادہ کیا۔انہوں نے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی بالخصوص پاکستان سے برآمدات کو مزید فروغ دینے کے لیے متعدد تجاویز پیش کیں۔ وزیر خزانہ نے یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کی مناسب پیروی کے لیے بغور جائزہ لیا جائے گا اور ان پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں مضبوط ترقی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ منسلک رہیں جو ہماری صلاحیت کے مطابق ہے ۔