پاکستان کے ایٹمی اثاثے فوج کے ہاتھوں میں محفوظ ترین ہیں،چوہدری شجاعت حسین


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ترین ہیں، جو اس وقت پاک فوج کے مضبوط ہاتھوں میں ہیں، امریکی صدر جو بائیڈن پہلے بھی غیر ذمہ دارانہ بیان دیتے رہے، اب بھی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بات کی جو نہایت افسوسناک ہے۔

اپنے ایک بیان میں چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ 2008 کے الیکشن سے چند دن پہلے موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن، سینیٹر جان کیری اور سینیٹر چک ہیگل ہمارے گھر آئے، انہوں نے چودھری پرویز الہی کی ایجوکیشن پالیسیوں اور صحت کے شعبوں میں مثالی کاموں کو سراہا، جس کے بعد انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان مسلم لیگ ق الیکشن جیت گئی تو ہم نتائج تسلیم نہیں کریں گے، یہی بات انہوں نے پاکستان سے جاتے وقت انٹرویو میں بھی کہی، اس پر چودھری پرویزالہی نے ان سے پوچھا کہ آپ کی الیکشن مہم میں کوئی اس طرح کی بات کرے تو آپ کا ردعمل کیا ہو گا،

اس پر امریکی سینیٹرز نے ہنس کر بات بدل دی اور  پنجاب میں ایجوکیشن اور ہیلتھ سسٹم کی تعریفیں کرنے لگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ایٹمی پروگرام کو 22 کروڑ عوام کی حمایت حاصل ہے، جب سے پاکستان نے ایٹمی پروگرام شروع کیا اس وقت سے آج تک کبھی بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا، ہمارے ایٹمی اثاثے ہندوستان سمیت کسی بھی ملک سے زیادہ محفوظ ہیں، پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو زیربحث لانے کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی اسے زیر بحث لایا جائے۔