کرپشن اور نااہلی کے الزامات،سول جج شرافت علی ناصرعہدے سے برطرف


لاہور (صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے کرپشن اور نااہلی کے الزامات ثابت ہونے پر سول جج شرافت علی ناصر کوعہدے سے برطرف کردیا۔

منگل کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کی منظور ی کے بعد سول جج کو عہدے سے فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔ نوٹیفکیشن لاہورہائی کورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جاری کیا گیا ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سول جج شرافت علی ناصر کے خلاف 2014میںکرپشن کی شکایت پر کارروائی کا آغاز کیا گیا اورالزامات ثابت ہونے پر انہیں عہدے سے برطرف کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ شرافت علی ناصر کو قانون کے مطابق وضاحت اور دفاع کے تمام مواقع فراہم کئے گئے اور انہیں فائنل شوکازنوٹس بھی دیا گیا اورذاتی شنوائی کا موقع بھی دیا گیاتاہم سول جج اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو غلط ثابت نہیں کرسکے۔ تمام تر ریکارڈ دیکھنے کے بعد سول جج کو عہدے سے برطرف کردیا گیا اور اس حوالہ سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔