لاہور (صباح نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے زیر اہتمام 3روزہ اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔سیکرٹری اطلاعات جمعیت جامعہ پنجاب ابراہیم شاہد کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے زیر اہتمام پنجاب یونیورسٹی میں تین روزہ پائینیر پریمئر لیگ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پنجاب یونیورسٹی کے ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔ 150 سے زائد ٹیموں نے کرکٹ، فٹبال اور کبڈی کے مقابلوں میں حصہ لیا۔
پائینیر لیگ کی اختتامی تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ناظم اعلی شکیل احمد نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں طلبہ کا جوش و خروش اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش ہیں۔ مزید برآں ناظم جامعہ بہادر کاکڑ نے کہا کہ جمعیت پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے کہ جس نے کم وسائل اور قلیل مدت میں اتنا بہترین پروگرام کروایا ہے۔سپورٹس فیسٹیول میں سینیئر صحافی سلمان غنی، ناظم اعلی شکیل احمد، ناظم جامعہ بہادر خان کاکڑ، عثمان کھٹانہ، عدنان ولی، ضیا جان، جنید تارڑ، عامر فدا اور دیگر نامور میڈیا پرسن نے خصوصی شرکت کی۔