سپریم کورٹ سندھ حکومت سے صوبائی حکومت سے امدادی کاموں کی تفصیلات اور اخراجات کی رپورٹ طلب کرے۔ محمد حسین محنتی


جامشورو(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاکہ سندھ میں سیلاب زدگان کو راشن اورخیمے سیاسی بنیادوں پر تقسیم ہو رہا ہے،سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کا کندھا استعمال کر کے عوام کو بنیادی حق سے محروم رکھا،کراچی میں بلدیاتی الیکشن ملتوی یا دو مرحلوں میں کروانے کے پیچھے سندھ حکومتی کی بدنیتی شامل ہے،منی پاکستان حکمرانوں کی بے حسی اور نااہلی کی وجہ سے اسٹریٹ کرائمز کا گڑھ بن چکا ہے لیکن سندھ پر مسلط ظالم حکمرانوں کو کوئی پرواہ نہیں ہے، سیلاب زدگان پانی سے بچ گئے لیکن اب وبائی بیماریوں کی وجہ سے مصیبت کا شکار ہیں،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامشورو میں الخدمت کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے قائم خیمہ بستی کا دورہ اور نظم ضلع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی امیر حافظ صالح بھرٹ سمیت دیگر مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ سندھ میں بارش وسیلاب کے پانی نے بڑی تباہی مچادی ہے ،سیلاب زدگان کی بحالی کے نام پر کرپشن کے دروازے کھلیں گے، حکمران جماعتوں کے ممبران اسمبلی اور ٹھیکیدار مال بنائیں گے قیامت کامنظر ہے،لوگ اپنے پیاروں، گھروں، فصل ،املاک وقیمتی سامان سے محروم ہوکر کھلے آسمان تلے مدد کے منتظر ہیں۔

طوفانی بارشوں اورحکومتی نااہلی کی وجہ سے وطن عزیزمیں سنگین انسانی المیہ جنم لے چکا ہے لیکن حکمران جماعتوں سمیت ملک بھر کی سیاسی قیادت نے ملک میں سرکس سجا رکھا ہے یہاں سے منتخب نمائندے غائب ،کراچی یا اسلام آباد میں مزے سے زندگی گزار رہے ہیں جوکہ انتہائی افسوسناک ہے، سپریم کورٹ سندھ حکومت سے صوبائی حکومت سے امدادی کاموں کی تفصیلات اور اخراجات کی رپورٹ طلب کرے، سندھ کے حکام حالیہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرین کی بحالی اور امداد کیلئے اپنی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے نبھانے میں بری طرح سے ناکام ہوچکے ہیں۔انہوں نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کو روکنے میں ناکامی پر ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔جماعت اسلامی روز اول سے بارش اور سیلاب متاثرین کی امداد کررہی ہے ان شاء اللہ مصیبت زدہ  بھائیوں کی مکمل بحالی تک امدادی مشن جاری رہے گا۔