لاہور (صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس سے بڑا جرم کیا ہوسکتا ہے کہ عمران خان کہتا ہے کہ میں نے پانچ ووٹ خرید لئے ہیں،وہ پیسہ آپ نے کہاں سے دیا،سرکاری خزانے سے دیا یا پھر فرح گوگی اوراس طرح کے دوسرے جو ہیرے جواہرات لینے والے، کن سے آپ نے پیسہ لیا، سب سے بڑی بات یہ ہے کہ عمران خان خود اپنا جرم تسلیم کررہے ہیں کہ میں نے پانچ ووٹ خریدے ہیں۔عمران نیازی بات کرتے تھے کہ (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی خدانخواستہ دلالی کرتی ہے ، انہوں نے چھانگا ، مانگا لگایا ، انہوں نے فلاں کیا، آج توآپ خود اپنی زبان سے کہہ رہے ہیں کہ میں نے پانچ ووٹ خریدے ہیں ، قوم یہ بھی بتادواس پر کتنے کروڑ وں اور اربوں روپے خرچے جس طرح توشہ خانہ سے ہیرے جواہرات لے کر بیچے اور پیسے جیب میں ڈال لئے اسی طرح قوم کوبتا دیں کہ کس سے ہیرے جواہرات لئے اور یہ ووٹ خریدے ، قوم یہ جاننا چاہتی ہے کہاں سے آپ نے یہ ڈاکا مارا، شب خون مارا اورقوم کے وسائل ضمیر فروشی پر آپ نے برباد کردیئے۔ عمران نیازی اب آپ نے قوم کو جواب دینا ہے ، میں حقائق سے ثابت کر چکا ہوں کہ آپ پاکستان نہیں بلکہ دنیا میں سب سے زیادہ فراڈ کرنے والے اور جھوٹ بولنے والے شخص ہیں، جو دن رات جھوٹ بولتا ہے، قوم کے خلاف آپ نے سازش کی جو آڈیوز آچکی ہیں۔ کس طرح پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات برباد کئے گئے اب ہم اس کو دن رات تنکا، تنکا جوڑ رہے ہیں کہ ان تعلقات کو ٹھیک کیا جائے، اس سے بڑی خیانت اور پاکستان کے خلاف بڑی سازش اوراس سے بڑی گھٹیا ذہنیت کی مثال شاید ہی میں نے کبھی دنیا میں دیکھی ہو۔
ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس میں لاہور کی سپیشل سینٹرل کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 2017میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے میاں محمد نواز شریف کو تقریباً100دن روزانہ کی بنیاد پر طلب کیا تو میاں نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز شریف کے ہمراہ ہر روز عدالت میں پیش ہوتے تھے اور انہوں نے کوئی عدالت سے این آر اونہیں مانگا۔ عمران خان کی جانب سے یہ کہنا کہ مریم نواز کو اسلام آبادہائی کورٹ سے این آر او ملا ہے اس سے زیادہ کوئی گھٹیا اور قابل مذمت کوئی اور بات نہیں ہو سکتی۔کہ عمران نیاز ی این آراوکی بات کرتے ہیں، جھرلو اور فراڈ کے ساتھ جب وہ نئے، نئے وزیر اعظم بنے تھے یا بنوائے گئے تھے ، اس وقت ایف بی آر سے محترمہ علیمہ خان کو دبئی اور امریکہ میں اثاثے چھپانے اور مس ڈیکلیریشن پر این آر اومیں نے تو نہیں دلوایا تھا، ابھی چند ہفتے قبل محترمہ فرح گوگی کو پنجاب کی اینٹی کرپشن نے جو کلین چٹ دی ہے وہ این آراومیں نے توان کو نہیں دلوایا اگروہ این آر اوہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم عدالت اورقانو ن کا احترام کرنے والے لوگ ہیں، چاہے کوئی وزیر اعظم ہو یا گورنر ہو کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہوتا، یہی وجہ ہے جب 2017میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے میاں محمد نواز شریف کو تقریباً100دن روزانہ کی بنیاد پر طلب کیا تو میاں نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز شریف کے ہمراہ ہر روز عدالت میں پیش ہوتے تھے اور انہوں نے کوئی عدالت سے این آر اونہیں مانگا، میرے قائد نواز شریف نے خود سپریم کورٹ کو خط لکھا کہ آپ جو پانامہ کا بے بنیاد الزام ہے اورپی ٹی آئی ، عمران نیازی کا پراپیگنڈا ہے اس کی تحقیق کریں اور میاں نواز شریف، مریم نواز، میں، حمزہ شہباز شریف ، ہم سب نیب کے عقوبت خانوں میں کئی، کئی سال صعوبتیں اور بدترین ظلم اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے خندہ پیشانی کے ساتھ برداشت کیا، اسی طرح میری پارٹی کے ساتھیوں نے چاہے شاہد خاقان عباسی ہوں، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق ہوں ،چاہے مفتاح اسماعیل ہوں، چاہے رانا ثناء اللہ ہوں، چوہدری احسن اقبال ہوں یا اور دوسری پارٹیوں کے لوگ ہوں، سب نے بڑی جرات کے ساتھ جیلیں کاٹیں اور صعوبتیں برداشت کیں، لہذا اب عمران خان کی جانب سے یہ کہنا کہ مریم نواز کو اسلام آبادہائی کورٹ سے این آر او ملا ہے اس سے زیادہ کوئی گھٹیا اور قابل مذبت کوئی اور بات نہیں ہو سکتی۔ مریم نواز نے اپنا مقدمہ میرٹ پر لڑا، عمران نیازی نے نیب قانون میں جو ترامیم کی ہیں ان کے تحت مریم نواز کو بریت نہیں ملی بلکہ کیس کے میرٹ اور نیب کا جو اصل قانون تھا اس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے انہیں بریت تھی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تین روز قبل لاہور ہائی کورٹ نے عمران نیازی کے ایک حلیف کو ایک ہی دن میں کلین چٹ دے دی وہ این آراومیں نے تو نہیں دلوایا۔ آج تک بی آر ٹی جس میں کئی 100ارب روپے کا گھپلا ہو اہے اورعمران نیازی کی حکومت مختلف حربوں اورہتھکنڈوں کے ذریعے حکم امتناع لیتی رہی تاکہ اس کے خلاف تحقیقات شروع نہ ہوسکیں، نیب کے سابق چیئرمین اس میں شریک تھے، کبھی پشاور ہائی کورٹ سے اسٹے لیتے تھے اور اگر ہائی کورٹ ، ایف آئی اے کو حکم دیتی تھی تو عمران نیازی اس کے خلاف اسٹے آرڈر لیتے تھے، میں یہ پوچھتا ہوں کی یہ سٹے آرڈر تھا یا این آر او تھا، عمران نیازی کے دور میں ہیلی کاپٹر کیس بند کردیا گیا، عمران نیازی نے اپنے خلاف یہ این آر او چیئرمین نیب سے خود دلوایایا میں نے دلوایا تھا، میں توآج پھر اِس عدالت کے سامنے ادب اوراحترام کے ساتھ پیش ہوا ہوں تاکہ دنیا کو یہ احسا س ہو کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، مالم جبہ لے لیں، بلین ٹری منصوبے اور بی آرٹی پشاور میں یہ ثابت ہو چکا ہے کہ اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ، وہ کیس آج تک چل نہ سکے، جو سٹے آرڈر ملے یا کیس نہیں چلا وہ این آراوکس نے دلوائے وہ عمران نیازی کا دور تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ تاریخ میں جو 190ملین پائونڈ کا سب سے بڑا ڈاکا پڑا جو کہ 50ارب روپے بنتے ہیں ، اُس وقت کے چیئرمین نیب نے اس کا نوٹس کیوں نہیں لیا، وہ این آراوعمران خان نے اپنے خلاف دلوایا جب نیب، نیازی گٹھ جوڑ تھا،آج عمران نیازی کس منہ سے رات دن این آر اوکی گردان کررہے ہیں کہ این آر اومل رہے ہیں، تمہارے دور میں علیمہ خان صاحبہ کو این آراوملا، تمہارے دور میں محترمہ فرح گوگی جن کاآپ کی اہلیہ سے بڑا قریبی تعلق بتاتے ہیںان کو اینٹی کرپشن نے این آراودیا، ابھی چند دن قبل لاہور ہائی کورٹ نے آپ کے حلیف کا ایک دن میں کیس ختم کیا، آپ کے مطابق یہ این آر اوز ہیں توکیاآپ ان کو این آراوز کہیں گے، عمران نیازی اب آپ نے قوم کو جواب دینا ہے ، میں حقائق سے ثابت کر چکا ہوں کہ آپ پاکستان نہیں بلکہ دنیا میں سب سے زیادہ فراڈ کرنے والے اور جھوٹ بولنے والے شخص ہیں، جو دن رات جھوٹ بولتا ہے، قوم کے خلاف آپ نے سازش کی جو آڈیوز آچکی ہیںجس حوالہ سے آپ کہتے تھے یہ امپورٹڈ حکومت ہے اور امریکی حکومت کی اپوزیشن کے ساتھ ساز باز تھی، یہ سارا آپ کا ڈرامہ تھا، کس طرح آپ آڈیو میں کہتے سنے گئے کہ امریکہ کانام نہیں لینا، بس کھیلتے جائو، کھیلنا ہے کھیلنا ہے، اورآپ کا شریک جرم آپ کا سیکرٹری کہتا ہے کہ فکر نہ کریں یہ منٹس تو میں نے بنانے ہیں جس طرح ہے منٹس میں بنالوں گا، اندازہ کریں ، پھر اب اور جوآڈیوز آئی ہیں اس میں لوگوں نے دیکھ لیا کہ کس طرح عمران نیازی کہتے ہیں کہ میں نے پانچ بندے خرید لیے ہیں ، وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعظم ہائوس میں بیٹھ کر بولیاں لگا رہا ہے اور خریدوفروخت کی منڈی لگائی ہوئی ہے ، ضمیر فروشی کی جارہی ہے ، وہ پیسہ کہاں سے آیا ، یہ اتنا بڑا جرم ہے، اس سے بڑا جرم کیا ہوسکتا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کہتا ہے کہ میں نے پانچ ووٹ خرید لئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں نے عمران خان سے بڑا فراڈ ذہن کا اوراس سے بڑا سازشی ، جھوٹا ، فریبی، دھوکے باز شخص میں نے اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ آپ کا گراف تو بہت اوپر جارہا تھا، آپ نے اپنا سیاسی کیپیٹل ضائع کردیا، آپ نے حکومت کیوں سنبھالی تومیں لوگوں کوکہتا ہوں کہ پاکستان پر میرااور نوازشریف کا سیاسی کیپیٹل ایک مرتبہ نہیں، کروڑوں مرتبہ نہیں بلکہ اربوں مرتبہ قربان، پاکستان اگر اپنے پائوں پر کھڑا ہوتاہے، اگر پاکستان کے عوام بیماری ، غربت اور بیروزگاری سے نکل آتے ہیں تو اس سے بڑی کوئی قربانی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت کم ہورہی ہے یہ عوام کی دعائیں اور اللہ تعالیٰ کا خاص کرم اور اسحاق ڈار کی محنت ہے ، اللہ تعالیٰ کرم کرے گا۔
قبل ازیں لاہور میں ایف آئی اے کی سپیشل سینٹرل کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس وزیر اعظم شہباز شریف پیش ہوئے جبکہ حمزہ شہباز شریف میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش جمع کرایاگیا ۔
ایف آئی اے کی سپیشل سینٹرل کورٹ میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے جب کہ حمزہ شہباز کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کروایا گیا، جس پر عدالت نے حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔جج اعجاز حسن اعوان کے روبرو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستوں پر دلائل شروع ہوئے۔
وکیل امجد پرویز نے شہباز شریف کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوشن کی کہانی ایک افسانہ ہے۔ کیس کے کسی بھی صفحے پر شواہد موجود نہیں ہیں۔شہباز شریف کے وکیل کا کہنا تھا کہ کہا گیا کہ رقوم کی بوریاں بھر بھر کر کیمپ آفس آتی تھیں، بینکوں کو رقوم بھیجنے کا بھی کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔ یہ مقدمہ جھوٹ پر مبنی ہے۔ بے نامی اکائونٹ کا شہباز شریف سے تعلق ثابت نہیں ہوتا۔ منی لانڈرنگ کا صرف الزام ہے، کوئی گواہ یا ثبوت نہیں ہیں۔
سماعت کے دوران شہباز شریف روسٹرم پر موجود تھے۔ عدالت سے بات کرنے کی اجازت طلب کرنے کے بعد شہباز شریف نے بتایا کہ میرے بطور وزیر اعلیٰ 3 ادوار میں اور اب وزیر اعظم پاکستان کے طور پر بھی، میں نے تمام اخراجات خود کیے۔ میں نے کوئی تنخواہ نہیں لی، جو 8، 10 کروڑ ٹی اے ملا کر بنتی ہے۔ اس کے علاوہ ہوٹلوں کے اخراجات بھی خود کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب میں اپنے اخراجات نہیں لے رہا تو میں پچیس لاکھ کیوں لوں گا؟۔بعد ازاں عدالت نے شہباز شریف کو جانے کی اجازت دے دی۔mk