اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ اگلے مہینے کے بجلی کے بلوں میں واضح ریلیف ملے گا۔
وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جون کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے باعث اگست میں بلز میں 10 روپے کا اضافہ ہوا، مگر جون کے مقابلے میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اب کم ہو کر 22 پیسے رہ گئی لہذا عوام کو اگلے مہینے کے بجلی بلوں میں ریلیف دیا جائے گا۔
خرم دستگیر خان نے کہا کہ اس مہینے بھی بجلی بلوں کچھ بہتری آئے گی، مگر اگلے مہینے سے عوام کو بجلی بلوں میں واضح ریلیف دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلے 200 اور پھر 300 یونٹ والوں کو 55 ارب کا ریلیف دے چکے ہیں، سیلاب زدگان کیلئے بھی 10 ارب کا ریلیف دیا جا چکا ہے، عوام کی بہت بڑی تشویش اگلے مہینے دور ہو جائے گی۔