لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اسلام سے بڑ ھ کر خواتین کو حقوق دینے والا کوئی دین نہیں ہے۔ جس دین میں ماں کے قدموں کے تلے جنت اور بیٹی کی اچھی تربیت کے بدلے جنت ہو اس دین سے بڑھ کر اور کون سا دین ہو سکتا ہے۔ اسلام عورتوں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے۔ جماعت اسلامی خواتین کے جان ومال اور عزت آبرو کی سب سے بڑی علمبردار جماعت ہے۔ بچوں اور بچیوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی،ریپ اور قتل کے مجرموں کی قانونی ریلیف دینے پر جماعت اسلامی مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی سوچ اور رویے کی شدید الفاظ میں مذمت ہے۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ بچوں،بچیوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی،ریپ کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے درندوں سرعام پھانسی کی سزا دی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمراء آڈیوٹوریم جماعت اسلامی وومن ونگ وسطی پنجاب کے زیرِ اہتمام میں ہونے والے جے آئی یوتھ وومن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن میں سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی ،صدر جے آئی یوتھ وویمن ونگ پاکستان کوثر مسعود،ربیعہ طارق ناظمہ صوبہ وسطی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج جے آئی یوتھ ویمن وسطی پنجاب کے اس کنونشن نے ثابت کردیا ہے کہ امت کی بیٹیاں ہر میدان میں دین حق کی سربلندی کے لئے اپنے باپ بھاء بیٹوں اور اسلامی قیادت کے ساتھ معاون و مددگار ہیں۔نوجوان نسل ملک و قوم کے لئے مستقبل کے معمار ہی نہیں معاشرے کی تعمیر و تشکیل میں بہت فعال اور مفید کردار ادا کرتی ہے تاریخ شَاہد ہے کہ انبیاء کرام علیہم السلام کی دین اسلام کے نفاذ کے لئے باصلاحیت نوخیز جوانی ہو یا دنیا میں تعلیم و تربیت، سائنس و ٹیکنالوجی، سیاست و معیشت کے میدان کے نقیب نو کے مایہ ناز کردار ہوں ہر عہد میں نوجوان نسل ”بہ مثل علامہ اقبال بے داغ کردار، کاری ضرب ستاروں پہ کمند ڈالنے والے ہتھیاروں سے لیس امید صبح نو بن جاتے ہیں۔
قیمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ آج کی بیٹی جانتی ہے کہ اسکا وقار اسکا کردار اور اسکی صلاحیتوں کا دین حق کے راستے پر استعمال ہی ملک و ملت کی بقا کا ضامن ہے۔ جے آئی یوتھ پاکستان کی مرکزی نگران کوثر مسعود صاحبہ نے جے آئی یوتھ کی منظم اورشبانہ روز سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ”یہی نوجوانان پاکستان بدلیں گے حالات کا دھارا اگر یہ قوم ساتھ دے ہمارا”۔
اس موقع پر ناظمہ صوبہ وسطی پنجاب ربیعہ طارق اور زرافشاں فرحین صدر جے آء یوتھ ویمن وسطی پنجاب نے مہمانان ذی احتشام کی آمد پر اظہار تشکر پیش کیا اور عزم صمیم کے ساتھ پورے ہال کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک و قوم کی تعمیر و تشکیل میں بھرپور کردار ادا کرنے کا عہد دہرایا۔ علاوہ ازیں اس موقع پر نوجوان خواتین نے کوئز شو ”میں بھی حصہ لیا اور طالبات کے مابین مقابلہ ویڈیو کلپ میکنگ” کی کامیاب اول دوئم آنیوالی طالبات کو اعزازات و اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔