اسلام آباد(صباح نیوز)عالمی بینک کی جانب سے پاکستان سے متعلق میکرو اکنامک ڈویلپمنٹ اپڈیٹ لک جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 2 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2023 میں کرنٹ اکانٹ خسارہ جی ڈی پی 4.3 فیصد کا امکان ہے، حالیہ سیلاب کی تباہی سے پاکستان کے رواں مالی سال کے اہداف متاثر ہوں گے، پاکستان میں سیلاب سے 10 ارب ڈالر سے 40 ارب ڈالر معاشی نقصان کا تخمینہ ہے، سیلاب سے پیداوار میں کمی اور مہنگائی میں اضافہ کا خدشہ ہے، پاکستان کو اپنی ضروریات کیلئے غذائی اجناس درآمد کرنی پڑیں گی۔ رپورٹ کے مطابق عالمی بینک خوراک کی اشیا کی درآمد سے درآمدی بل میں اضافہ ہوگا، پاکستان کو مانیٹری اور مالیاتی پالیسی میں بہتری کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے،
عالمی بینک پاکستان کو سیلاب سے بحالی کیلئے 2 ارب ڈالر فنڈز کا اعلان کر چکا، مالی سال 2024 میں معاشی گروتھ 3.2 فیصد، زرعی شعبے کی نمو رواں مالی سال میں منفی 1.1 فیصد، سال 2024 میں زرعی شعبے کی نمو 3 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ مالی سال 2022 میں صنعتی ترقی کی نمو 7.2 فیصد تھی، رواں مالی سال 2023 سروسز کی گروتھ 3.2 فیصد، آئندہ مالی سال 2024 میں خدمات کے شعبے کی نمو 3.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔