اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو مکمل کر رہی ہے ۔وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چائنہ روڈ ایک برج کارپوریشن کے وفد کی وائس پریزیڈنٹ Ye Chengyin کی صدارت میں ملاقات کی ،ملاقات میں وزیرِ اعظم کو مختلف جاری و مکمل شدہ میگا پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،
بتایا گیا کہ قراقرم ہائی وے ٹو کے حویلیاں تا تھاکوٹ سیکشن کو مکمل کرلیا گیا ہے جس پر ٹریفک رواں دواں ہے جبکہ اسکے فیز ٹو تھاہ کوٹ تا رائے کوٹ پر بھی کام شروع ہے، کراچی کوسٹل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ، راشاکئی اسپیشل اکنامک زون، کراچی حیدرآباد موٹروے M9, بابوسر ٹنل، ML-1 اور کراچی پورٹ ٹرسٹ تا PIPRI ریلوے کاریڈور کے منصوبوں پر بھی پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ سی آر بی سی وزیرِ اعظم کے سی پیک کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں اور معینہ ٹائم لائنز کے اندر مکمل کرنے کے اقدامات کا خیر مقدم کرتی ہے،اسکے علاوہ سی آر بی سی نے 10 ہزار میگاواٹ کے سولرآئیزیشن کے منصوبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وائس پریذیڈنٹ سی آر بی سی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو سیلاب زدگان کی مدد کے طور پر وزیرِ اعظم فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے 1 لاکھ ڈالر کا چیک بھی پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ان منصوبوں کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کو جلد مکمل کرکے ان پر کام شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، معاونینِ خصوصی جہانزیب خان، ظفرالدین محمود اور متعلقہ اعلی حکام کی شرکت کی ،وزیرِ سمندری امور سید فیصل سبزواری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں سی پیک منصوبوں کو دانستہ طور پر تعطل کا شکار کیا گیا ، ہم ملک و قوم کے پیسے کی حفاظت کیلئے عوام کو جوابدہ ہیں،حکومت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے،ترقیاتی منصوبوں خاص کر عوامی نوعیت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا،پاکستان اور چین دیرینہ دوست ہیں جن کے برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں،چین نے پاکستان کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے ۔حالیہ سیلاب اور بارشوں کے دوران چین کے تعاون پر مجھ سمیت پوری قوم صدر عزت مآب شی جن پنگ اور چینی عوام کے مشکور ہیں۔ وزیرِ اعظم شہباز نے سی پیک کے تحت منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔