الزامات ثابت ہونے پر این اے 133 کا ضمنی انتخاب ملتوی ہو سکتا ہے،الیکشن کمیشن


لاہور(صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ووٹ خریدنے کے الزامات ثابت ہونے پر این اے 133کا ضمنی انتخاب ملتوی بھی ہو سکتا ہے، اگر معاملہ زیر التوا رہا اور الیکشن کے بعد ثابت ہوا تو امیدوار کو نااہل قرار دیا جا جاسکتا ہے۔

این اے 133کے ضمنی انتخاب میں ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیو کی رپورٹ آج (منگل کو) جمع کروائی جائے گی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق متعلقہ محکموں کی رپورٹس میں ووٹوں کی خرید و فروخت ثابت ہوئی تو کارروائی ہوگی، خرید و فروخت ثابت ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن اسلام آباد کو بھیجا جائے گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیمرا، چیئرمین نادرا، آئی جی پولیس اور کمشنر لاہور کو خط لکھ دیا گیا جس میں ویڈیو کی فرانزک اور افراد کی نشاندہی کا حکم دیا گیا ہے، ریٹرننگ افسر نے 30نومبر تک فرانزک اور کارروائی کی تحریری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، امیدوار شائستہ پرویز ملک سے بھی کارکنان پر ووٹ خریداری پر فوری جواب طلب کیا گیا ہے۔